سعودی عرب کے ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 12 افراد ہلاک، 309 زخمی
سعودی عرب کے ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 12 افراد ہلاک، 309 زخمی
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 309 زخمی ہوگئے۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق، مہلوکین میں چار سعودی شہری جبکہ دیگر کا تعلق بنگلہ دیش، امریکہ، مصر، اردن، شام، فلسطین اور سوڈان سے ہے۔
زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور انہیں مختلف ہاسپٹلس میں علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ یمن کی حوثی ملیشیا نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی جانب سے یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کئے جانے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے سے ایئرپورٹ کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے
۔ تازہ حملے کے بعد ایئرپورٹ کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی گئیں، مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ سینکڑوں پروازیں منسوخ اور کئی پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا۔
واقعہ کے بعد ریاض میں امریکی اور برطانوی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو ایئرپورٹ سے دور رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے حفاظتی انتباہ جاری کیاہے۔



