گیانیش کمار کو جانا ہی ہوگا، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے‘‘ اپوزیشن کا 12 اکتوبر کو دہلی میں بڑا احتجاج

نئی دہلی: اپوزیشن کے انڈیا اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ وہ 12 اکتوبر کو دہلی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرے گا۔ اس احتجاج میں انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے کئی بڑے رہنما شرکت کریں گے۔
یہ مظاہرہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے اور ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے لیے جاری ایس آئی آر عمل کے خلاف کیا جائے گا۔دہلی میں گزشتہ کئی دنوں سے گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر مسلسل احتجاج کیا جا رہا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس اور انڈیا اتحاد اس وقت تک اپنی تحریک جاری رکھیں گے جب تک انتخابی عمل مکمل طور پر آزاد اور منصفانہ نہیں ہو جاتا۔وینوگوپال نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وینوگوپال نے کہا’’ہم ہر اس ہندوستانی سے اپیل کرتے ہیں جو ہندوستانی جمہوریت کے تحفظ کے بارے میں فکر مند ہے کہ وہ پیر کے روز دہلی میں ہونے والے احتجاجی مارچ میں ہمارے ساتھ شامل ہو۔‘‘
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے ارکانِ پارلیمنٹ، رہنما، کارکنان اور عام شہری گیانیش کمار اور ان کی ٹیم کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مارچ نکالیں گے۔ اس کے علاوہ، اتحاد کے سینئر رہنماؤں کا ایک وفد چیف جسٹس آف انڈیا کو ایک یادداشت پیش کرے گا۔
وینوگوپال نے مزید کہا ’’گیانیش کمار کو جانا ہی ہوگا، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی اپیل کی کہ مودی اور شاہ کی حکومت کے خلاف، ان کے بقول، ملک بھر میں ہونے والی ووٹوں کی
چوری کے خلاف دہلی میں بڑے احتجاجی مارچ میں شرکت کی جائے۔



