نامعلوم کالس کی پریشانی سے ملے گا چھٹکارا، اب موبائل پر دکھے گا فون کرنے والے کا نام

نئی دہلی: اسپام کالز اور نامعلوم نمبروں سے آنے والی فون کالز کی پریشانی پر قابو پانے کا وقت آ گیا ہے۔ اب ٹروکالر جیسی تھرڈ پارٹی ایپس کی ضرورت کے بغیر ہی آپ کے موبائل فون کی اسکرین پر کال کرنے والے شخص کا نام دکھانے کی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے۔اس مقصد کے لیے مرکزی حکومت نے کالر نیم پریزنٹیشن (CNAP) سروس کو لازمی قرار دیا ہے۔
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (TRAI) نے ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یکم نومبر سے اس سہولت کو نافذ کریں۔اس نظام کے تحت جب کسی نامعلوم نمبر سے کال آئے گی تو فون کی اسکرین پر نمبر کے ساتھ کال کرنے والے کا نام بھی دکھائی دے گا۔
کن موبائل نیٹ ورکس پر یہ سہولت دستیاب ہوگی؟
CNAP کی سہولت صرف 4G، 5G اور دیگر تیز رفتار موبائل نیٹ ورکس پر دستیاب ہوگی۔ 2G اور 3G نیٹ ورکس پر اس سروس کو متعارف کرانے کے حوالے سے TRAI نے تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔کال کرنے والے کا نام کیسے دکھائی دے گا۔
صرف نامعلوم نمبروں کے لیے: اگر کال کرنے والا نمبر آپ کے موبائل کی کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ نہیں ہے، تبھی اس کا نام اسکرین پر دکھائی دے گا۔ ٹیلی کام کمپنی کے ریکارڈ کے مطابق: کال کرنے والے کا نام اور نمبر ٹیلی کام آپریٹر کے سبسکرائبر ڈیٹا بیس میں درج معلومات کی بنیاد پر دکھائے جائیں گے۔ بین الاقوامی کالز: بیرونِ ملک سے آنے والی کالوں پر نام کے بجائے اسکرین پر ’انٹرنیشنل کال‘ لکھا دکھائی دے گا۔
نمبر محفوظ کرنے کی سہولت: کال ختم ہونے کے بعد کال کرنے والے کا نمبر اور نام خودکار طور پر حاصل کرکے محفوظ نہیں کیا جا سکے گا۔ صارف کو یہ معلومات دستی طور پر محفوظ کرنا ہوں گی۔
کیا ہر کال کرنے والے کا نام دکھائی دے گا؟
نہیں۔ اگر کوئی صارف کالر لائن آئیڈینٹیفکیشن ریسٹرکشن (CLIR) کا اختیار منتخب کرتا ہے تو اس کا نام وصول کنندہ کے فون کی اسکرین پر ظاہر نہیں ہوگا۔
اس طرح CNAP سروس کا مقصد نامعلوم کالز کی شناخت میں مدد فراہم کرنا اور اسپام کالز کی پریشانی کم کرنا ہے، جبکہ بعض صارفین کو اپنی کالر آئی ڈی چھپانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔


