شوہر کا قتل کرکے بستر میں چھوڑ دیا تھا سانپ، بیوی اور اسکے عاشق کو پھانسی کی سزا

نئی دہلی: اتر پردیش کے میرٹھ میں شوہر کا قتل کر کے اسے سانپ کے ڈسنے سے ہونے والی موت کا معاملہ ظاہر کرنے کی کوشش کرنے والی رویتا اور اس کے عاشق امر دیپ کو عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جے ویر سنگھ ناگر نے جمعہ کو دونوں ملزمان کو سزائے موت سنائی۔ دونوں جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ سماعت کے دوران رویتا نے عدالت سے کہا کہ اس کے تین چھوٹے بچے ہیں ان کا خیال رکھا جائے وہیں امر دیپ نے کہا کہ اس کے والدین بوڑھے ہیں
اور ان کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ دونوں نے اپنے اہل خانہ کی دیکھ بھال کی اپیل کی۔ اس کے بعد دونوں خاموش ہو گئے اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔یہ معاملہ 17 اپریل 2025 کی رات کا ہے جب رویتا نے اپنے عاشق امر دیپ کے ساتھ مل کر اپنے شوہر امیت کشیپ کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔ قتل کے بعد دونوں نے بستر پر ایک سانپ رکھ دیا تاکہ امت کی موت سانپ کے ڈسنے سے ہونے کا تاثر دیا جا سکے۔
تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ امیت کی موت گلا گھونٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔قتل کے تقریباً 60 دن بعد پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ گزشتہ 7 اکتوبر کو عدالت نے رویتا اور امر دیپ کو قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔
جمعہ کو دونوں کو سزائے موت سنا دی گئی۔میرٹھ میں یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب اسی شہر کے مشہور نیلے ڈرم قتل معاملے میں بھی عدالت نے چہارشنبہ کو مسکان رستوگی اور اس کے عاشق ساحل کو سزائے موت سنائی تھی۔
ضلع جج اروند کمار نے مسکان کے شوہر سوربھ راجپوت کے قتل کے معاملے میں دونوں کو پھانسی کی سزا سنائی۔



