تلنگانہ

دسہرہ کی چھٹیوں میں گھر آئے انجینئرنگ طالب علم کی والدین کے سامنے دل کا دورہ پڑنے سے موت

دسہرہ کی چھٹیوں میں گھر آئے انجینئرنگ طالب علم کی والدین کے سامنے دل کا دورہ پڑنے سے موت

 

تلنگانہ کے ضلع کھمم کے وائرہ میونسپلٹی حدود میں واقع گنڈگلا پاڈو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دسہرہ کی چھٹیوں میں گھر آئے انجینئرنگ کے پہلے سال کے طالب علم راگھو کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ والدین کے سامنے اچانک بیٹے کی موت سے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔

 

تفصیلات کے مطابق، وائرہ میونسپلٹی کے دسویں وارڈ کے کونسلر کنّیرا کرشنا اور وجئے کے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی کیرتی اور بیٹا راگھو شامل ہیں۔ راگھو حیدرآباد کے ایک کالج میں انجینئرنگ سال اول کی تعلیم حاصل کررہا تھا اور دو روز قبل ہی دسہرہ کی چھٹیوں میں گھر آیا تھا۔

 

واقعہ کی صبح ایک شخص موٹر سائیکل پر کپڑے فروخت کرنے کے لئے ان کے گھر پہنچا۔ اس دوران راگھو کی والدہ کپڑے دیکھ رہی تھیں کہ راگھو نے اپنے والد سے کہا کہ ’’پپا  یہ شرٹس آپ پر اچھی لگیں گی۔‘‘ وہ یہ کہتے ہوئے بستر پر بیٹھا ہی تھا کہ اچانک نیچے گر پڑا۔

 

بیٹے کو اچانک گرتا دیکھ کر گھر والوں نے فوری سی پی آر (مصنوعی طریقۂ تنفس اور سینے کو دبانے کا عمل) دیا اور آٹو کے ذریعے وائرہ کے ایک خانگی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دیتے ہوئے موت کی وجہ دل کا دورہ بتایا۔ اس اچانک سانحے سے خاندان اور مقامی افراد میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button