نیشنل

آندھرا پردیش بلدی انتخابات میں مجلس کی بھرپور مہم- 21 امیدوار میدان میں

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے بلدی انتخابات میں کامیابی کے لئے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ کڑپہ میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ہندوپور میونسپلٹی کے چیئرپرسن کے عہدوں کے لئے مجلس کے امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ وجئے واڑہ اور کڑپہ میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ پانچ میونسپلٹیوں میں مجلس کے 21 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

 

آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے مجلس کے بعض قائدین نے حال ہی میں حیدرآباد پہنچ کر پارٹی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ بلدی انتخابات میں امیدواروں کو میدان میں اتارنے پر کامیابی یقینی ہے۔بیرسٹر اسدالدین اویسی نے تمام بلدی اداروں میں مقابلہ کرنے کے بجائے صرف ان وارڈوں اور ڈویژنوں میں امیدوار کھڑا کرنے کا مشورہ دیا جہاں کامیابی کے امکانات زیادہ ہوں، جس سے قائدین نے اتفاق کیا۔

 

مجلس نے کڑپہ کارپوریشن میں میئر کے عہدے اور وجئے واڑہ کارپوریشن کے تین ڈویژنوں کے لیے امیدوار منتخب کئے ہیں۔ ہندوپور میونسپلٹی میں چیئرپرسن کے امیدوار کے علاوہ پانچ وارڈوں میں مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ادونی کے 7، رائے درگم کے تین اور نندیال و پینوگونڈہ میونسپلٹیوں کے ایک ایک وارڈ میں مجلس کے امیدوار میدان میں ہیں۔

 

مجلس کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے حیدرآباد سے پارٹی کے ارکان اسمبلی جعفر حسین معر اج، محمد مبین، ماجد حسین اور رکن قانون ساز کونسل ریاض الحق ایفیندی پہلے ہی انتخابی مہم چلا چکے ہیں۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button