جرائم و حادثات

شمش آباد میں جعلی نوٹوں کی سپلائی کرنے والا شخص گرفتار، 1.34 لاکھ روپے کی نقلی کرنسی ضبط

حیدرآباد: حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ شمش آباد پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ سپلائی کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 1.34 لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ اور دو موبائل فون ضبط کرلئے۔ گرفتار شخص کی شناخت گچی باؤلی کی ٹی این جی اوز کالونی کے ساکن 36سالہ سندیپ  کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

 

پولیس کے مطابق، 25 اکتوبر کو پالماکولا گاؤں کے پی۔1 روڈ کے قریب جعلی نوٹوں کی سپلائی کی اطلاع ملنے پر ایس آئی پردیپ کمار نے عملے کے ساتھ نگرانی کی۔ صبح تقریباً 11 بجے مشتبہ حالت میں پلاسٹک کا تھیلا لے جانے والے سندیپ نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اسے پکڑ لیا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 500 روپے کے 240 اور 200 روپے کے 70 جعلی نوٹ، ایک ایپل آئی فون اور دوسرا موبائل فون برآمد ہوا۔

 

پولیس کے مطابق، سندیپ نے تفتیش میں بتایا کہ وہ لکھیتا نامی خاتون کے پاس ڈیلیوری ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور جعلی نوٹوں کی سپلائی پر کمیشن لیتا ہے۔ وہ لکھیتا کی ہدایت پر پالماکولا میں ایک نامعلوم شخص کو نوٹ پہنچانے آیا تھا۔ انسپکٹر وائی سریدھر ریڈی کے مطابق، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کیا گیا اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button