ریاض ایرپورٹ حملہ میں زخمی ایک اور ہندوستانی کی موت

نئی دہلی ۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 10 اکتوبر کو حوثی باغیوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا ایک اور ہندوستانی شہری دورانِ علاج فوت ہوگیا۔
سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس بات کی اطلاع دی ہے۔سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ وہ متوفی کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور نعش کو جلد از جلد ہندوستان منتقل کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
تاہم سفارت خانے نے متوفی کی شناخت اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔واضح رہے کہ 10 اکتوبر کو ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت ہوگئی تھی جس کی شناخت حیدرآباد کے مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والے محمد یوسف علی کی حیثیت سے کی گئی تھی۔
ان کی تدفین 12 اکتوبر کو ریاض میں عمل میں آئی تھی۔حکام کے مطابق اس حملے میں 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں 10 ہندوستانی شہری بھی شامل تھے۔ ان میں سے ایک اور زخمی ہندوستانی شہری اب دورانِ علاج فوت ہوگیا ہے۔




