حیدرآبادی والدین کی بیٹی نبیلہ سید امریکی ریاست الینوائے کی سینیٹر منتخب

27 سالہ ہندوستانی نژاد مسلم خاتون نے ریپبلکن کی نشست چھین لی، 23 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کی رکن بنی تھیں
شکاگو، 4 نومبر (فرخ شہریار) امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ہندوستانی نژاد مسلم خاتون نبیلہ سید نے ریاست الینوائے کے سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اہم سیاسی کامیابی درج کروائی ہے۔ 27 سالہ نبیلہ نے ریپبلکن امیدوار ڈاربی ہلز کو شکست دے کر الینوائے اسٹیٹ سینیٹ کے 26ویں ضلع کی نشست حاصل کرلی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے ریپبلکن پارٹی کے قبضے والی نشست ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے جیت لی ہے۔
نبیلہ سید کی کامیابی حیدرآباد کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ ان کے والدین کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ 1980 کی دہائی میں امریکہ منتقل ہوئے تھے۔ نبیلہ کی پیدائش اور پرورش امریکہ کی ریاست الینوائے میں ہوئی۔ وہ شکاگو کے مضافاتی علاقے پالٹین کی رہنے والی ہیں اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے تعلیم حاصل کی ہے، جہاں سے انہوں نے سیاسیات اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ڈگریاں حاصل کیں۔
نبیلہ نے پہلی مرتبہ 2022 میں محض 23 سال کی عمر میں الینوائے ایوانِ نمائندگان کے 51ویں ضلع سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس وقت وہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کی کم عمر ترین خواتین ارکان میں شامل ہوئیں۔ وہ الینوائے کی جنرل اسمبلی میں منتخب ہونے والی پہلی جنوبی ایشیائی خاتون اور پہلی مسلم خواتین میں سے ایک ہیں۔ 2024 میں بھی انہوں نے دوبارہ کامیابی حاصل کی اور دوسری میعاد کے دوران عوامی نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
بطور قانون ساز نبیلہ سید نے صحت عامہ، تعلیم، ادویات کی قیمتوں میں کمی، صارفین کے حقوق اور نوجوانوں کی انتخابی عمل میں شرکت جیسے امور پر توجہ مرکوز کی۔ ان کی جانب سے پیش کردہ اور منظور شدہ قانون سازی میں عام ادویات کی قیمتوں میں ناجائز اضافے کی روک تھام، اعضا عطیہ کرنے والوں کے لیے بامعاوضہ رخصت اور 16 سالہ نوجوانوں کو ووٹر کے طور پر پیشگی اندراج کی سہولت فراہم کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
حالیہ انتخابی مہم کے دوران مصنوعی ذہانت کے مراکز (ڈیٹا سینٹرز) کے لیے بجلی کی بھاری ضرورت، اس کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے اضافی اخراجات، ٹیکس اور صحت کی سہولتوں تک رسائی اہم موضوعات رہے۔ نبیلہ نے موقف اختیار کیا کہ بڑے ڈیٹا سینٹرز سے پیدا ہونے والے بجلی کے اخراجات کا بوجھ عام صارفین پر ڈالنے کے بجائے متعلقہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کو برداشت کرنا چاہئے۔
نبیلہ سید کی کامیابی سے الینوائے کی ریاستی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی پر ووٹروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی حلقہ 26 کے عوام کی حمایت کا نتیجہ ہے۔



