2 بچوں کی ماں نے عاشق کے ساتھ خودکشی کرلی۔ کرناٹک میں افسوسناک واقعہ

بنگلورو: کرناٹک کے ضلع منڈیا میں وی ایچ فارم ریلوے گیٹ کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سہانا (25) نامی خاتون نے آٹھ سال قبل آٹو ڈرائیور وریش سے پسند کی شادی کی تھی۔ یہ جوڑا بنگلورو کے مدنائیکنہلی میں مقیم تھا اور ان کے دو بچے ہیں جن میں چھ سالہ لڑکی اور دو سالہ لڑکا شامل ہیں
۔اسی دوران سہانا کی 23 سالہ نوجوان راہول سے دوستی ہوگئی جو بعد میں ناجائز تعلقات میں تبدیل ہوگئی۔ اس بات کا علم جب شوہر وریش کو ہوا تو اس نے بیوی سے بازپرس کرتے ہوئے اسے راہول سے دور رہنے کا انتباہ دیا۔
خاندان کے بزرگوں نے بھی مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو سمجھانے کی کوشش کی تاہم ان کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔اس معاملے پر میاں بیوی کے درمیان دوبارہ شدید جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہوکر سہانا منڈیا میں واقع اپنے مائیکے چلی گئی۔
جمعرات کو راہول بھی وہاں پہنچ گیا۔ بعد ازاں دونوں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے وی ایچ فارم ریلوے گیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرلی۔اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس جائے حادثہ
پر پہنچ گئی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



