امیتابھ بچن خرابی صحت سے متاثر۔ ’کون بنے گا کروڑ پتی کی شوٹنگ متاثر

ممبی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ان کے ریئلٹی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی شوٹنگ میں خلل اندازی ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے سبب ان کی صحت متاثر ہوئی ہے۔ اس خرابیٔ صحت کی وجہ سے نئے ایپیسوڈ کی شوٹنگ نہیں ہو پائی اور چینل فی الحال شو کی پرانی قسطیں نشر کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے تقریباً 2 ہفتہ قبل رنبیر کپور، سائی پلوی، روی دوبے اور نتیش تیواری کے ساتھ رامائن پر مبنی خصوصی ایپی سوڈ کی شوٹنگ کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی انھوں نے چند دن کا وقفہ لے رکھا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ دیوالی کے بعد اگلے ہفتہ دوبارہ شوٹنگ شروع کریں گے۔
شو کے نئے ایپیسوڈس 16 نومبر سے نشر ہونے والے ہیں۔ ذرائع مطابق ’’پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ممکن ہے موسم کی تبدیلی کے باعث انھیں ہلکا بخار یا فلو ہوگیا ہو۔ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اس لیے ٹیم نے انھیں آرام کرنے اور صحت یاب ہونے کے لیے کچھ وقت دینے کا فیصلہ کیا۔‘‘
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’بگ بی اب ٹھیک ہیں اور امید ہے کہ اگلے ہفتہ کے آخر تک شوٹنگ پر واپس آجائیں گے۔ شو کے ایپی سوڈ 16 نومبر سے پہلے کی طرح ہی نشر ہوں گے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ممبئی کے میئر کو ای میل کے ذریعہ امیتابھ بچن کے گھر کو نشانہ بنانے کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔
حالانکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن کے شوٹنگ سے وقفہ لینے کا سیکورٹی سے متعلق خدشات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ البتہ اتوار کو جب بگ بی اپنے گھر کے باہر مداحوں سے ملاقات کے لیے پہنچے تو وہ شیشے کی ایک دیوار کے پیچھے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کرتے نظر آئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ شیشہ بلٹ پروف تھا۔ اس موقع پر ان کے بیٹے ابھیشیک بچن بھی ان کے قریب کھڑے ہو کر ان کی حفاظت کا خیال رکھتے دکھائی دیے۔



