جنرل نیوز

انٹرمیڈیٹ سالِ اول (معاشیات) کے جدید مطالعاتی مواد کا رسمِ اجراء 

نارائن پیٹ: 7 نومبر (اردو لیکس) نارائن پیٹ کی ممتاز و معروف شخصیت ، گورنمنٹ جونیئر کالج نارائن پیٹ کے شعبۂ معاشیات کے متحرک و فعال لیکچرر جناب حافظ چاند پاشاہ کا مرتب کردہ انٹرمیڈیٹ سالِ اول کے مضمونِ معاشیات (Economics) کا جامع مطالعاتی مواد (اسٹڈی مٹیریل) منظرِ عام پر آ گیا ہے۔ اس علمی و تدریسی کتابچہ کا باضابطہ رسمِ اجراء ضلع نارائن پیٹ کے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر (DIEO) جناب ایچ سدروشن راؤ کے ہاتھوں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آیا۔

 

حافظ چاند پاشاہ کا مرتب کردہ یہ مطالعاتی مواد تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے نئے اور باضابطہ نصاب کے عین مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس کتابچہ میں سالانہ امتحانات (IPE) کے نقطۂ نظر سے تمام اہم، متوقع اور بنیادی سوالات کے جوابات جامع، سلیس اور عام فہم انداز میں تیار کئے گئے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کتاب طلباء و طالبات میں مفاہیم کی وضاحت اور امتحانی تیاری کے لیے ایک بہترین معاون ثابت ہوگی، جس سے بالخصوص اردو میڈیم کے طلباء کا اعتماد بحال ہوگا اور وہ امتحانات میں اعلیٰ نشانات حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر رسمِ اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر جناب ایچ سدروشن راؤ نے حافظ چاند پاشاہ کی تدریسی خدمات اور علمی کاوش کی زبردست ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا اس طرح طلباء کی آسانی کے لیے معیاری مواد تیار کرنا قابلِ تقلید جذبہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مطالعاتی مواد نہ صرف نارائن پیٹ بلکہ ریاست تلنگانہ کے تمام اُردو میڈیم طلباء و طالبات کے لیے انتہائی مفید اور کارآمد ثابت ہوگا۔

اس تقریب میں کالج کے لیکچررس، ایم اے رشید، رویندر ریڈی ، وجئے لکشمی، یاسمین عرفہ کے علاوہ لائبریرین مسٹر ہنمنتو و دیگر ، شریک تھے ۔ انہوں نے بھی حافظ چاند پاشاہ کو اس شاندار علمی کامیابی اور طالب علم دوست پیشرفت پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button