جرائم و حادثات

زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنا کر پلاٹ ہڑپنے کی کوشش، جعلساز شوہر گرفتار – تلنگانہ کے آرمور میں واقعہ

 

آرمور، 14 نومبر (محمد صادق) تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے آرمور میں بیوی کا جعلی موت کا سرٹیفکیٹ تیار کرکے اس کے نام پر موجود 267 گز کا پلاٹ اپنی والدہ کے نام منتقل کرنے اور بعد ازاں 15 لاکھ روپے میں فروخت کرنے والے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

 

آرمور سرکل انسپکٹر چندر شیکھر ریڈی نے پریس کانفرنس میں واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم روی کا تعلق دیسائی پیٹ پرکٹ، آرمور سے ہے۔ اس کی شادی 2017 میں گیتانجلی سے ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ میاں بیوی کے درمیان گھریلو تنازعات کے باعث گیتانجلی اپنے بیٹے کے ساتھ اپنی والدہ کے گھر رہنے لگی تھی۔

 

پولیس کے مطابق روی پیشے سے دستاویز نویس ہے۔ اس نے اپنی بیوی کے نام پر آرمور کے کوٹاآرمور علاقہ میں واقع 267 گز کے پلاٹ کو ہڑپنے کے ارادے سے اپنے دفتر کے کمپیوٹر پر بیوی کا جعلی موت کا سرٹیفکیٹ تیار کیا۔ بعد ازاں دو سرکاری ملازمین کی موجودگی میں اس نے بیوی کی موت ظاہر کرتے ہوئے موت کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور اس وقت کے منڈل ریونیو آفیسر (ایم آر او) سے خاندان کے افراد کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرلیا۔

 

ملزم نے ان دستاویزات کو استعمال کرتے ہوئے 2025 میں سب رجسٹرار آفس آرمور میں اپنی بیوی کے نام موجود پلاٹ کو گفٹ ڈیڈ کے ذریعہ اپنی والدہ لکشمی بائی کے نام منتقل کردیا۔ بعد ازاں اس نے مذکورہ پلاٹ کو سیل ڈیڈ کے ذریعہ ایک دوسرے شخص کو 15 لاکھ روپے میں فروخت کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے حکومت سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ حاصل کرنے کے مقصد سے بھی خاندان کے افراد کا سرٹیفکیٹ تیار کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button