نیشنل

سعودی عرب جانے والے ہندوستانیوں کے لئے بری خبر – ایئر انڈیا نے پروازوں کی منسوخی نومبر ختم تک توسیع کردی

نئی دہلی، 14 نومبر (اردو لیکس) سعودی عرب میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے سعودی عرب کے لیے اپنی پروازوں کی منسوخی میں مزید توسیع کردی ہے۔ دونوں فضائی کمپنیوں نے جمعہ 13 نومبر کو نیا سفری اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ریاض اور دمام کے لیے آنے اور جانے والی پروازیں 30 نومبر 2026 تک معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ جدہ کے لیے پروازیں 21 نومبر تک بند رہیں گی۔

 

ایئر لائنز کے مطابق یہ فیصلہ خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور سعودی عرب میں میزائل و ڈرون حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں مختلف مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعووں کے بعد فضائی سفر کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

دونوں کمپنیوں نے متاثرہ مسافروں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مسافروں کے کنفرم ٹکٹ 10 نومبر 2026 یا اس سے پہلے جاری کئے گئے ہیں اور جن کا سفر ریاض و دمام کے لیے 30 نومبر تک جبکہ جدہ کے لیے 21 نومبر تک مقرر تھا، وہ اپنی پرواز کی تاریخ بغیر کسی اضافی چارج کے تبدیل کرواسکتے ہیں، تاہم یہ سہولت نشستوں کی دستیابی سے مشروط ہوگی۔ مسافر ٹکٹ منسوخ کرکے مکمل رقم کی واپسی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

 

اعلامیہ کے مطابق ایئر انڈیا کے مسافر سعودی عرب میں کمپنی کے کسی بھی فعال فضائی اڈے سے سفر کی نئی تاریخ مقرر کرواسکتے ہیں، جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس کے مسافروں کو سعودی عرب یا بحرین میں اس کی کسی بھی فعال منزل کے لیے سفر کی تاریخ تبدیل کروانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

 

ریاض اور دمام کے مسافروں کو نئی تاریخ کے مطابق 14 دسمبر 2026 تک سفر مکمل کرنا ہوگا، جبکہ جدہ کے مسافروں کے لیے یہ مہلت 5 دسمبر 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔

 

مسافروں کو مزید معلومات اور ٹکٹوں کی تبدیلی یا رقم کی واپسی کے لیے ایئر انڈیا کے ہیلپ لائن نمبر 011-69329333 اور 011-69329999 جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس کے نمبر 0124-6935600 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مسافر متعلقہ شہروں میں قائم کمپنیوں کے بکنگ دفاتر سے بھی رجوع کرسکتے ہیں۔

 

حالیہ پروازوں کی منسوخی کے باعث ہندوستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں، عمرہ زائرین اور وہاں سے ہندوستان واپس آنے کے خواہش مند افراد کو اپنے سفر سے قبل پرواز کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button