31 سالہ ہندوستانی نوجوان کو کینیڈا کی 61 سالہ خاتون سے ہوا پیار، عمر کا فرق دیکھ شادی سے انکار کرنا پڑا مہنگا

راجستھان: راجستھان کے ضلع نیم رانہ میں پولیس نے ایک 31 سالہ اسکول ٹیچر کو 61 سالہ کینیڈین خاتون سے شادی کرنے سے انکار کے بعد امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ دونوں کی ملاقات ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی اور شادی کے لیے خاتون 11 نومبر کو ہندوستان پہنچی تھی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خاتون کی ہندوستان آمد کے دو دن بعد ٹیچر نے اسے بتایا کہ وہ دونوں کی عمر میں کافی فرق ہونے کی وجہ سے شادی نہیں کرسکتا۔ اس بات پر دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔ 13 نومبر جمعہ کو خاتون نے تنازعہ کے بعد کینیڈین ہائی کمیشن سے رابطہ کیا۔
ہائی کمیشن کے عہدیداروں نے نیم رانہ پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس اس فلیٹ پر پہنچی جہاں دونوں مقیم تھے اور انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔نیم رانہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سریندر یادو نے بتایا کہ ٹیچر کی شناخت نتن کے نام سے ہوئی ہے جو ہریانہ کے پانی پت میں ایک خانگی اسکول میں ملازمت کرتا ہے۔
نتن اور خاتون کی تقریباً ایک سال قبل ڈیٹنگ ایپ پر بات چیت شروع ہوئی تھی۔ رفتہ رفتہ دونوں ایک دوسرے کے قریب آگئے اور خاتون کے ہندوستان آنے سے قبل دونوں نے شادی کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
پولیس عہدیدار کے مطابق خاتون سیاحتی ویزا پر ہندوستان پہنچی تھی۔ نتن نے چہارشنبہ کے روز دہلی ایئرپورٹ پر اس کا استقبال کیا اور اسے نیم رانہ میں اپنے رشتہ داروں کے فلیٹ پر لے گیا۔ وہاں جب خاتون نے شادی کے منصوبے کے بارے میں بات کی تو نتن نے شادی سے انکار کردیا
جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔پولیس نے نتن کو امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا تاہم بعد میں اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ خاتون کا طبی معائنہ کروانے کے بعد اسے کوٹ پٹلی کے
ایک نگہداشت مرکز منتقل کیا گیا اور بعدازاں نئی دہلی میں کینیڈین ہائی کمیشن کے حوالے کردیا گیا۔



