کان پھاڑ دینے والی ڈی جے کی آواز نے نومولود کی جان لے لی ؟ 20 روزہ بچی کی دل کی دھڑکن بند، اترپردیش میں افسوسناک واقعہ

لکھنو: بلند آواز میں ڈی جے بجانے کا جنون ایک معصوم کی جان لے گیا۔ اترپردیش کے ضلع بلیا میں لکشمی دیوی کی مورتی کے وسرجن جلوس کے دوران ڈی جے کی انتہائی بلند آواز کے درمیان صرف 20 دن کی نومولود بچی کی موت واقع ہوگئی۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ ڈی جے کی کان پھاڑ دینے والی آواز کے باعث بچی کی طبیعت بگڑی اور اس کی دل کی دھڑکن بند ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع بلیا کے موضع مڑیار ی (Mudiyari) میں پیش آیا، جہاں جمعہ 13 نومبر کو لکشمی دیوی کی مورتی کے وسرجن کے لیے جلوس نکالا گیا تھا۔ جلوس میں شامل ڈی جے گاڑی انتہائی بلند آواز میں موسیقی بجاتے ہوئے بچی کے گھر کے سامنے آکر رک گئی۔
اس وقت 20 روزہ بچی اپنی والدہ ریما دیوی کے قریب سو رہی تھی۔ افراد خاندان کے مطابق ڈی جے کی تیز آواز سے بچی اچانک رونے لگی اور کچھ ہی دیر میں اس کی حالت بگڑ گئی۔ افراد خاندان نے ڈی جے آپریٹرس سے بار بار اپیل کی کہ وہ آواز کم کردیں یا گاڑی کو وہاں سے آگے لے جائیں، لیکن ان کی درخواستوں پر توجہ نہیں دی گئی۔ بچی کی حالت تشویشناک ہونے پر رشتہ دار اسے فوری قریبی دواخانہ لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
بچی کی خالہ کے مطابق ریما دیوی اپنے سسرال میں دیکھ بھال کرنے والا کوئی موجود نہ ہونے کے سبب گزشتہ دس دن سے اپنی نومولود بیٹی کے ساتھ مائیکے میں مقیم تھی۔ اس واقعہ نے خاندان کو غم میں مبتلا کردیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر منیار پولیس نے افراد خاندان کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی جے کے آلات ضبط کرلئے اور بچی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا۔ پولیس عہدیدار جئے شنکر مشرا کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی اصل وجہ واضح نہیں ہوسکی، جس کے بعد مزید جانچ کے لیے بچی کے جسم کے نمونے محفوظ رکھے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نمونوں کی جانچ رپورٹ اور دیگر تحقیقات کی بنیاد پر آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔



