ہوٹل میں غیرمسلم لڑکی کے ساتھ موجود سلمان خان کی پٹائی، ہندو تنظیم کے کارکنوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا

ہوٹل میں غیرمسلم لڑکی کے ساتھ موجود سلمان خان کی پٹائی، ہندو تنظیم کے کارکنوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا
بھوپال، 15 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ایک ہوٹل میں غیرمسلم لڑکی کے ساتھ موجود مسلم نوجوان کو ہندو تنظیم کے کارکنوں نے پکڑ کر مبینہ طور پر زدوکوب کیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا۔ اس واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ موضوع بحث بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 12 نومبر کو بھوپال کے عیش کھیڑی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ہمتارا ہوٹل میں پیش آیا۔ نوجوان کی شناخت سلمان خان ساکن ہررا کھیڑا کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سلمان ایک فینانس کمپنی میں ملازمت کرتا ہے اور مبینہ طور پر سالگرہ منانے کے بہانے ایک ہندو لڑکی کو ہوٹل لے گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ ہوٹل میں کمرہ حاصل کرنے کے لئے لڑکی کی شناخت چھپاتے ہوئے ایک مسلم خاتون کے نام سے مبینہ طور پر فرضی شناختی کارڈ استعمال کیا گیا تھا۔ اس کی اطلاع ملنے پر جئے ماں بھوانی ہندو تنظیم کے کارکن ہوٹل پہنچ گئے۔ بعض اطلاعات میں ان کارکنوں کو بجرنگ دل سے وابستہ بتایا گیا ہے۔
کارکنوں کو اپنے کمرے کی جانب آتا دیکھ کر سلمان اور لڑکی گھبرا گئے اور دوسری منزل کی کھڑکی سے نیچے ٹین کی چھت پر چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ دونوں تقریباً 50 فٹ تک چھت پر آگے بڑھے، تاہم راستہ ختم ہونے کے باعث واپس لوٹ آئے۔ اسی دوران کارکنوں نے سلمان کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
واقعہ کی تین ویڈیوز بھی منظرعام پر آئی ہیں، جن میں کارکنوں کو ہوٹل میں داخل ہوکر شناختی دستاویزات طلب کرتے اور نوجوان کو زدوکوب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق سلمان کے خلاف احتیاطی کارروائی کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کی شکایت پر مبینہ فرضی شناختی دستاویز کے استعمال کے سلسلے میں دھوکہ دہی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔



