جرائم و حادثات

انڈیگو کی ملازمہ کا قتل۔دوست کے ساتھ باہر گئی ہوئی تھی

ممبئی: دیوالی کے تہوار کے لیے اپنے آبائی وطن گئی انڈیگو کی ایک خاتون ملازمہ مشتبہ حالات میں ہلاک ہوگئیں۔ یہ واقعہ مہاراشٹر کی سرحد سے متصل گونڈیا ضلع میں پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ ورشا ترکَر گزشتہ کئی برسوں سے پونے ایئرپورٹ پر انڈیگو کے ٹکٹ کاؤنٹر میں کام کر رہی تھیں۔ حال ہی میں وہ اپنی دو سالہ بیٹی کے ساتھ دیوالی منانے ضلع بالاغاٹ میں واقع اپنے مائیکے گئی ہوئی تھیں۔

 

ہفتہ کی شام ورشا اپنے دوست نتیش اگروال کے ساتھ وینگنگا ندی کے قریب گئی تھیں۔ کچھ دیر بعد نتیش نے ورشا کے اہل خانہ کو فون کرکے بتایا کہ مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش کی سرحد کے قریب جنگلاتی علاقے میں کچھ نامعلوم حملہ آوروں نے ان دونوں پر حملہ کردیا ہے۔

 

اطلاع ملنے پر ارکان خاندان جب مقام واقعہ پر پہنچے تو ورشا خون میں لت پت اور بے ہوشی کی حالت میں پڑی ہوئی تھیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ورشا کی موت کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

نتیش کا دعویٰ ہے کہ نقاب پوش حملہ آوروں نے ان دونوں پر حملہ کرکے لوٹ مار کی تاہم اس کے جسم پر کسی قسم کے زخم کے نشانات نہ ہونے کے باعث پولیس کو اس کے بیان پر شبہ ہوا۔پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران بھی نتیش متضاد جوابات دے رہا تھا

 

جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ورشا پر کسی تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا گیا مزید تحقیقات جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button