جرائم و حادثات

تلنگانہ کے سوریا پیٹ ضلع میں دلخراش حادثہ – شوہر شیخ نذیر جاں بحق اور بیوی حسین بی شدید زخمی

شراب کے نشے میں دھت لاری ڈرائیور کی لاپرواہی، خوفناک حادثہ میں شوہر ہلاک، بیوی شدید زخمی

 

حیدرآباد: شراب کے نشے میں لاری چلانے والے ڈرائیور کی لاپرواہی کے نتیجہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ اس کی بیوی شدید زخمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے ضلع سوریاپیٹ کے حضورنگر ٹاؤن کے پیرلہ کوٹم بازار سے تعلق رکھنے والے شیخ نذیر اور ان کی اہلیہ حسین بی بطور باورچی کام کرتے ہوئے روزگار حاصل کررہے تھے۔ اتوار کو ضلع کے دامرچرلہ منڈل کے موضع کلاّپلی میں ایک تقریب میں کھانا پکانے کا کام مکمل کرنے کے بعد دونوں موٹر سائیکل پر واپس ہورہے تھے کہ گریڈپلی منڈل کے موضع اپنّاپیٹ کے قریب حضورنگر سے گریڈپلی کی سمت سیمنٹ سے لدی ایک لاری نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں شیخ نذیر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے

 

جبکہ ان کی اہلیہ حسین بی شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثہ کے بعد حضورنگر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ گریڈپلی کے سب انسپکٹر بی شری کانت گوڑ نے بتایا کہ مہلوک کی والدہ لالماں کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

دوسری جانب حادثہ میں شیخ نذیر کی نعش بری طرح متاثر ہوگئی تھی اور مقام حادثہ پر دلخراش مناظر دیکھے گئے۔ اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود گریڈپلی کے سب انسپکٹر شری کانت گوڑ نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نعش کو خود گرام پنچایت کے ٹریکٹر میں منتقل کرنے میں حصہ لیا۔

 

ان کے ساتھ نریڑچرلہ کے سب انسپکٹر گوپال ریڈی اور پالاکیڈو کے سب انسپکٹر کوٹیش نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری نبھائی، جس پر مقامی افراد نے پولیس عہدیداروں کی ستائش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button