نومبر 19سے ضلع نظام آباد میں اندراما فیملی لائف انشورنس اسکیم کا آغاز

نومبر 19سے ضلع نظام آباد میں اندراما فیملی لائف انشورنس اسکیم کا آغاز
عوام استفادہ حاصل کریں۔ ضلع کلکٹر ایلاترپاٹھی
نظام آباد: 18/ نومبر (اردو لیکس) ضلع کلکٹر نظام آباد ایلاتر پاٹھی نے آج 19/ نومبر سے حکومت تلنگانہ کی جانب سے نافذ کردہ اندراما فیملی لائف انشورنس اسکیم کے ضمن میں ماکلور منڈل میں واقع گرام پنچایت دفتر میں قائم رجسٹریشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رجسٹریشن سنٹر میں کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔
جن میں ہیلپ ڈیسک، کمپیوٹر، آن لائن سہولیات، دستیاب عملہ وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے آپریٹر سے انشورنس سکیم کے رجسٹریشن کے عمل سے متعلق کئی سوالات کئے اور تفصیلات کے اندراج کے عمل، مطلوبہ دستاویزات، آن لائن رجسٹریشن کے عمل وغیرہ پر تیاری کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کو بغیر کسی خامی کے انجام دیا جائے۔ تفصیلات کے اندراج میں کوئی غلطی نہ ہو اور آن لائن عمل داخل کی گئی تفصیلات کی تصدیق کے بعد ہی مکمل کیا جائے
۔ضلع کلکٹر ایلا تر پاٹھی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اندراما فیملی انشورنس اسکیم کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن نظام آباد، بودھن، آرمور، بھیمگل بلدیات اور گرام پنچایتوں میں خصوصی رجسٹریشن کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ بعدازاں تمام گرام پنچایتوں اور وارڈوں تک اس کو وسعت دی جائے گی۔ یہ اسکیم ضلع کے تمام اہل خاندانوں پر لاگو ہو۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ جن کے پاس فوڈ سیکورٹی کارڈ ہے وہ ضلع میں کہیں سے بھی اپنی تفصیلات درج کر سکتے ہیں
۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ جو شخص بیمہ حاصل کرنا چاہتا ہے اسے جسمانی طور پر رجسٹریشن کیمپ میں حاضر ہوکر دستخط کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نامزد افراد کو رجسٹریشن سنٹر میں ذاتی طور پر آنے کی ضرورت نہیں ہے اور حکومت نے ایک سے زیادہ نامزد افراد کو منتخب کرنے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامزد افراد کے نام بھی متعلقہ فوڈ سیکورٹی کارڈ میں درج کرائے جائیں۔ضلع کلکٹر نے عوام الناس سے کہا کہ جن کے پاس فوڈ سیکورٹی کارڈ نہیں ہے وہ اپنا آدھار کارڈ اپنے ساتھ رجسٹریشن کیمپ میں لائیں۔



