جرائم و حادثات

قتل کے ملزمین کو فائدہ پہنچانے کا سودا – ڈیڑھ لاکھ کی رشوت لیتے ہوئے پبلک پراسیکیوٹر رنگے ہاتھوں گرفتار ؛ تلنگانہ کے پداپلی میں واقعہ

پداپلی: 18 نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے ضلع پداپلی میں ایک عدالتی عہدیدار کو رشوت ستانی کے الزام میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے گرفتار کرلیا۔ پداپلی عدالت میں پبلک پراسیکیوٹر کے طور پر خدمات انجام دینے والے ڈونکینا رویندر کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا جب وہ ایک مقدمہ میں ملزمین کو فائدہ پہنچانے کے عوض شکایت کنندہ سے ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کررہے تھے۔ اے سی بی کی ٹیم نے کارروائی کے دوران رشوت کی رقم بھی ضبط کرلی۔

 

اس معاملے کی جڑیں سال 2023 کے ایک اراضی تنازعہ سے جڑی ہیں۔ ضلع پداپلی کے دھرمارم منڈل کے رچہ پلی موضع میں زمین کے تنازعہ پر دو فریقوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد مہلوک کے بیٹے کی شکایت پر چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

الزام ہے کہ اس مقدمہ میں ملزمین کے حق میں کارروائی کرنے اور انہیں فائدہ پہنچانے کا وعدہ کرتے ہوئے پبلک پراسیکیوٹر رویندر نے شکایت کنندہ سے دو لاکھ روپے طلب کئے تھے۔ اس مطالبہ سے پریشان ہوکر شکایت کنندہ نے کریم نگر اے سی بی سے رجوع ہوتے ہوئے تحریری شکایت درج کروائی۔

 

شکایت کی بنیاد پر اے سی بی کے ڈی ایس پی مہندر ریڈی نے کارروائی کا منصوبہ تیار کیا۔ عہدیداروں کی ہدایت کے مطابق شکایت کنندہ نے پبلک پراسیکیوٹر سے رابطہ کیا اور طے شدہ منصوبے کے تحت پداپلی میں انہیں ڈیڑھ لاکھ روپے حوالے کئے۔ اسی دوران پہلے سے تیار اے سی بی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر رویندر کو رشوت کی رقم کے ساتھ گرفتار کرلیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button