مدرسہ کا چندہ وصول کرنے والے دو طلبہ کی مشتبہ موت – چار افراد کے خلاف پولیس میں شکایت درج

پٹنہ : بہار کے ضلع سیوان سے تعلق رکھنے والے دو کمسن مدرسہ طلبہ کی نعشیں پڑوسی ضلع گوپال گنج میں برآمد ہونے کے معاملے نے سنگین رخ اختیار کرلیا ہے۔ ایک متوفی طالب علم کے والد محمد اسلم نے پولیس میں تحریری شکایت درج کرواتے ہوئے چار افراد کو ملزم نامزد کیا ہے۔ ان میں ستیندر پانڈے، جیوتی بھوشن پانڈے، آشو سنگھ اور پریتم پانڈے کے نام شامل ہیں۔
گنا توڑنے کے تنازعہ کے بعد لاپتہ ہوئے تھے بچے
اطلاعات کے مطابق 23 نومبر کو سیوان ضلع کے بڑہریا علاقے کے تیتہلی بازار میں واقع ایک مدرسہ کے پانچ طلبہ چندہ جمع کرنے کے لئے ای رکشا کے ذریعے گوپال گنج گئے تھے۔ واپسی کے دوران بنگرا گاؤں کے پانڈے ٹولی علاقے میں ان کا رکشا خراب ہوگیا۔
اسی دوران بعض طلبہ قریب واقع گنے کے کھیت میں چلے گئے اور مبینہ طور پر گنے توڑنے لگے۔ اس پر مقامی افراد نے انہیں روکنے کے لیے تعاقب کیا۔ اس واقعہ کے بعد دو طلبہ محمد زید اور اشرف علی لاپتہ ہوگئے، جبکہ دیگر تین طلبہ واپس مدرسہ پہنچا دیئے گئے۔
دو دن میں دونوں بچوں کی نعشیں برآمد
بچوں کی گمشدگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تلاش شروع کی۔ 25 نومبر کو 14 سالہ محمد زید کی نعش گوپال گنج کے تھاوے تھانہ حدود میں بنگرا پانڈے ٹولی کے قریب ایک تالاب کے پاس سے برآمد ہوئی، جبکہ 26 نومبر کو 13 سالہ اشرف علی کی نعش بھی اسی علاقے میں ایک اینٹوں کے بھٹے کے قریب سے ملی۔ دونوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
واقعہ کے ابتدائی بیان میں گوپال گنج کے ایس ڈی پی او چندن کمار نے کہا تھا کہ نعشوں کے ابتدائی معائنے میں جسم پر ظاہری چوٹ کے نشانات نہیں ملے ہیں۔ فارنسک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے ہیں اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہوگی۔ پولیس نے تلاش کے دوران ڈرون کیمروں اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی مدد بھی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب متوفی بچوں کے گھر والوں نے اسے قتل کا معاملہ قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بعض بچوں کے گھر والوں نے الزام لگایا کہ گنے کے کھیت میں پیش آئے واقعہ کے دوران بچوں اور رکشا ڈرائیور کے ساتھ مارپیٹ کی گئی تھی اور بچوں کو تعاقب کرکے تالاب میں پھینک دیا گیا۔ ان الزامات کی پولیس تحقیقات جاری ہیں۔
اس واقعہ پر مقامی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور سیاسی و سماجی رہنما بھی متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کررہے ہیں۔



