حیدرآباد میں مچھلی خرید رہے ہیں ہوشیار رہیں؟ مارکٹس سے بڑی مقدار میں سڑی ہوئی مچھلیاں ضبط

حیدرآباد: شہر کے مختلف مچھلی مارکیٹس میں غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف تلنگانہ فوڈ سیفٹی (ٹی جی سیف) کے عہدیداروں نے کارروائی کی۔ عوام کی صحت کے تحفظ کے مقصد سے ویٹرنری عہدیداروں کے ساتھ مل کر آج بیگم بازار، رام نگر اور مشیرآباد کے مچھلی مارکٹس میں بڑے پیمانے پر دھاوے کیے گئے۔
ان کارروائیوں کے دوران انسانی استعمال کے لیے بالکل ناموزوں اور انتہائی خراب حالت میں موجود بڑی مقدار میں مچھلیوں کا پتہ لگایا گیا جنہیں موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔معائنے کے دوران بیگم بازار میں واقع جی این بی سرینواس فش مرچنٹ کی دکان سے تقریباً 70 کلو سڑی ہوئی مچھلی ضبط کی گئی۔
اسی طرح رام نگر کے بنسن فشریز سے 65 کلو، مشیرآباد کے جی بی کے فشریز سے 30 کلو اور ایس وی آر شاپ سے 35 کلومچھلی کے علاوہ دیگر دکانوں سے بھی غیر صحت بخش طریقے سے محفوظ رکھی گئی مچھلیاں ضبط کی گئیں۔ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر رام نگر کے دو تجارتی اداروں کو دکانیں بند کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے۔
مچھلیوں کو زیادہ دنوں تک تازہ دکھانے کے لیے تاجروں کی جانب سے فارمالین اور نائٹریٹ جیسے مضر صحت کیمیکلز استعمال کیے جانے کے شبہ میں عہدیداروں نے ابتدائی جانچ کی۔ مزید تفصیلی تجزیے کے لیے مچھلیوں کے نمونے حاصل کرکے اسٹیٹ فوڈ لیباریٹری روانہ کیے گئے۔
اس کے علاوہ لازمی ایف ایس ایس اے آئی لائسنس کے بغیر اور غیر صحت بخش ماحول میں مچھلی فروخت کرنے والے کئی تاجروں کو نوٹس بھی جاری کیے گئے۔عہدیداروں نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑی ہوئی غذائی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



