حیدرآباد’اسنیک گینگ‘ کیس کے مجرموں کو سپریم کورٹ سے ملی راحت

نئی دہلی: حیدرآباد میں سنسنی پھیلانے والے ’اسنیک گینگ‘ کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے مجرموں کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔قومی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے ان کی اپیلوں پر حتمی سماعت مکمل ہونے تک سزا پر عارضی طور پر روک لگاتے ہوئے عبوری ضمانت دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اس معاملے میں مجرم قرار دیے گئے طیب، قادر اور فیصل دیانی کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں پر جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ پر مشتمل بنچ نے جمعرات اور جمعہ کو سماعت کرتے ہوئے اہم احکامات جاری کیے۔
جمعرات کو زبانی طور پر معاملہ عدالت کے سامنے پیش کیے جانے کے بعد جمعہ کو فیصل دیانی اور طیب کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ دونوں فریقوں کے وکلا نے اپنے دلائل پیش کیے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پہلے ہی 12 سال، 3 ماہ اور 6 دن جیل میں گزار چکا ہے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ وہ سانس کی بیماری، جوڑوں کے درد (آرتھرائٹس) اور کمر درد جیسے طبی مسائل سے بھی دوچار ہے۔ اس سلسلے میں طبی سرٹیفکیٹس بھی عدالت کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں درخواست گزار کے بری ہونے کے امکانات موجود ہیں اور اپیل پر حتمی سماعت میں مزید وقت لگ سکتا ہے
لہٰذا سزا کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے ضمانت دی جائے۔دوسری جانب تلنگانہ حکومت کے وکلا نے ضمانت کی درخواست کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت دینے اور سزا معطل کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے تبصرہ کیا کہ عدالت اس واقعے سے واقف ہے اور اس معاملے میں عصمت ریزی کا الزام نہیں ہے۔عدالت نے کیس کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کو مدنظر رکھا کہ درخواست گزار پہلے ہی طویل عرصے سے جیل میں قید ہے۔
اس کے بعد عدالت نے سزا کی معطلی سے متعلق درخواست منظور کرلی۔عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو ٹرائل کورٹ (ذیلی عدالت) کی جانب سے عائد کردہ شرائط کے مطابق ضمانت پر رہا کیا جائے۔اسی کیس کے ایک اور شریک مجرم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی جانب سے سزا کی معطلی کی
درخواست بھی 18 جولائی 2025 سے زیر التوا ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ درخواست دینے کی صورت میں اس معاملے کو مینشننگ لسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔جمعرات کو اسی کیس کے ایک اور مجرم قادر کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر بھی اسی بنچ نے سماعت کی۔
قادر کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل گزشتہ 12 سال سے جیل میں قید ہیں اور اپیل پر حتمی سماعت مکمل ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔تلنگانہ حکومت کے وکلا نے ضمانت کی مخالفت کی تاہم عدالت نے طویل عرصے سے جیل میں قید رہنے کے
معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے قادر برکبا کو بھی ٹرائل کورٹ کی شرائط کے تابع عبوری ضمانت منظور کرلی۔



