جرائم و حادثات

ٹراویلس بس کی ٹکر سے کار میں سوارِ 4 افراد ہلاک – تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں خوفناک حادثہ

نلگنڈہ: تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں  علی الصبح پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ کار ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

 

پولیس اور مقامی افراد کے مطابق یہ حادثہ چٹیال منڈل کے پیدا کپرتی گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا، جب تیز رفتار ٹریولس بس نے مخالف سمت سے آنے والی ایک کار کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم کی شدت سے کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

 

حادثے میں کار ڈرائیور شدید زخمی حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا۔ اطلاع ملتے ہی چٹیال پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

 

بعد ازاں پولیس نے جے سی بی کی مدد سے تباہ شدہ کار سے لاشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیں۔ مرنے والے افراد کی شناخت اور وہ کہاں سے آ رہے تھے، اس بارے میں تاحال معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

 

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حادثے کے باعث حیدرآباد۔وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر کچھ دیر تک ٹریفک متاثر رہی، تاہم بعد میں پولیس نے گاڑیوں کو ہٹا کر آمد و رفت بحال کر دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button