شوہر کی موت کے بعد سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی – شیخ رمضان بی نے دو بچوں کو زہر دے کر خود بھی پی لیا، ماں اور چھ سالہ بیٹے کی موت
کھمم: تلنگانہ کے ضلع کھمم کے کونیزرلہ منڈل کے موضع لالاپورم میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں خاندانی مسائل اور سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے اپنے دو کمسن بچوں کو چوہے مارنے کی دوا ملا بادام ملک پلانے کے بعد خود بھی زہر پی لیا۔ اس واقعہ میں 29 سالہ خاتون شیخ رمضان بی اور اس کے 6 سالہ بیٹے نعیم الدین کی موت ہوگئی، جبکہ 8سالہ بیٹا حسام الدین تشویشناک حالت میں حیدرآباد کے ایک ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔
اطلاعات کے مطابق رمضان بی نے تقریباً 9 سال قبل اکبر سے پسند کی شادی کی تھی۔ تاہم تین سال قبل بیماری کے باعث شوہر کا انتقال ہوگیا تھا۔ شوہر کی موت کے بعد سے وہ شدید ذہنی طور پر مبتلا تھی۔ دوسری جانب خاتون کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ سسرالی رشتہ داروں، بالخصوص دیور کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کونیزرلہ پولیس نے مقام واقعہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی وجوہات اور ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔



