جرائم و حادثات

خالہ کے جنازے میں شرکت کے لئے عادل آباد جا رہے  تھے دو بھائی، راستہ میں خوفناک حادثہ، چھوٹا بھائی جاں بحق، بڑا بھائی زخمی

عادل آباد: تلنگانہ کے عادل آباد میں مقیم اپنی چھوٹی خالہ کے جمعہ کو انتقال کے بعد ان کی تدفین میں شرکت کے لیے ہفتہ کی صبح جنارم سے موٹر سائیکل پر روانہ ہونے والے دو بھائیوں کو راستے میں پیش آنے والے ایک دردناک سڑک حادثے نے غمزدہ خاندان کو مزید صدمے سے دوچار کر دیا۔ حادثے میں چھوٹا بھائی جاں بحق جبکہ بڑا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

 

پولیس کے مطابق جنارم کے رہنے والے عبدالصبیر اور ان کے چھوٹے بھائی محمد جنگیر ہفتہ کی صبح تقریباً 8 بجے موٹر سائیکل پر عادل آباد جا رہے تھے۔ جب وہ سیتا گوندی کے قریب قومی شاہراہ پر پہنچے تو پیچھے سے تیز رفتار لاری نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں سڑک پر گر گئے۔

 

حادثے میں عبدالصبیر زخمی ہوگئے، جبکہ محمد جہانگیر کی ران پر لاری کا پہیہ گزرنے سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ہائی وے پیٹرولنگ عملہ موقع پر پہنچا اور دونوں کو ہائی وے ایمبولینس کے ذریعہ علاج کے لئے عادل آباد کے رِمز ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے محمد جہانگیر کو معائنہ کے بعد مردہ قرار دے دیا۔ زخمی عبدالصبیر کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔

 

ایس آئی سری کانت نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے حادثہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button