18 ماہ کے بچہ کی ہارٹ اٹیک سے موت۔ ہندوستان کی ریاست کیرالہ میں واقعہ

نئی دہلی: ریاست کیرالہ کے ضلع کنور کے ایک ہاسپٹل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ارکان خاندان نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ان کا اکلوتا 18 ماہ کا بیٹا فوت ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔کنور کے علاقے ایرامامکُٹّور کے رہنے والے سورج کا اکلوتا بیٹادیوانش شوریہ 5 جولائی کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے گر گیا جس سے اس کے ہونٹ پر چوٹ لگ گئی۔
پہلے اسے ماتھامنگلم کے پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں اسے پئیانور کے بیبی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے بے ہوش کرنے کیلئے انستھیسیا دے کر اس کے زخم پر ٹانکے لگائے گئے۔ اس کے بعد بتایا گیا کہ بچہ بے ہوش ہو گیا۔
حالت مزید بگڑنے پر اسے کنور کے بیبی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جمعہ کی رات تقریباً 9 بجے دیوانش شوریہ فوت ہوگیا۔ ارکان خاندان کا الزام ہے کہ انیستھیسیادینے کے بعد ان کا بچہ ہوش میں نہیں آیا اور اسی کے باعث اس کی موت ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر انجلی پوڈووال کی غفلت ان کے بچے کی موت کی وجہ بنی تاہم اسپتال نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق انیستھیسیادینے کے فوراً بعد بچے کو غیر متوقع طور پر دل کا دورہ پڑا۔ اسے فوری طور پر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا اور بہتر علاج کے لیے کنور کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انیستھیسیا درست مقدار میں دیا گیا تھا اور مناسب طبی نگہداشت فراہم کی گئی تھی اس کے باوجود بعض اوقات پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اسپتال کا دعویٰ ہے کہ بچے کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی
اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔



