سونے کی قیمت میں زبردست کمی
نئی دہلی۔ مرکز کی جانب سے عام بجٹ پیش کرنے کے بعد سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ قیمتی دھات تقریباً4 ہزار روپے سستی ہو گئی۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا ستار امن نے منگل کو عام بجٹ پیش کرتے ہوئے قیمتی معدنیات کی درآمد ڈیوٹی کو 15 فیصد سے کم کر کے چھ فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد ہندوستانی بازار میں سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی ہے امکان ہے کہ سونے اور دیگر قیمتی دھاتوں پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی وجہ سے زرد دھات کی اسمگلنگ میں کمی آئے گی۔ ہندوستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 4 ہزار روپے کی کمی دیکھی گئی ڈیوٹی کٹوتی کے پیش نظر زیورات کی تیاری میں استعمال ہونے والے 22 کیرٹ سونے کی قیمت پیر کے دن جو 71460 روپے تھی گر کر منگل کو 67930 روپے فی 10 گرام ہو گئی تھی۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ درآمد ڈیوٹی میں کمی سے اس کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی اور درآمد بڑھے گی جس کے نتیجے میں گھریلو مارکیٹ میں زیورات کی مانگ بڑھ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ چہارشنبہ کو سونے کی قیمت 72838 روپے فی 10 گرام سے گھٹ کر 68751 روپے تک پہنچ گئی۔ سونے کی قیمت میں سال 2024 کے آغاز سے تاحال 15 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا قیمتی دھات کی قیمت میں کمی سے صارفین کو بڑی راحت حاصل ہوئی ہے۔