اسپشل اسٹوری

آبنائے ہرمز میں ایرانی فوج کی ہلچل — ایران کا بحری حملہ، تجارتی جہازوں پر قبضے کی وائرل ویڈیو نے دنیا کو چونکا دیا

آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر ایرانی حملے کی تفصیلات ایک بار پھر سامنے آ گئی ہیں۔ ایران نے حال ہی میں اس کارروائی کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ اس کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی بحریہ نے تین تجارتی کارگو جہازوں کو نشانہ بنایا۔

 

رپورٹس کے مطابق ایرانی فورسز نے پہلے ان جہازوں پر فائرنگ کی اور بعد ازاں ان میں داخل ہو کر انہیں اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ ایران کا مؤقف ہے کہ یہ جہاز غیر قانونی طور پر اور بغیر اجازت آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اسی لیے انہیں روکا گیا۔

 

حکام کے مطابق جن جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں ایک جہاز بھارت کی ریاست گجرات کی جانب آ رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ لائبیریا کے پرچم بردار جہاز "ایپامینونڈاس” کو دبئی سے بھارت جاتے ہوئے ایران نے قبضے میں لیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک جہاز کو معمولی نقصان بھی پہنچا ہے۔

 

جہازوں پر قبضے کا منظر کسی ہالی ووڈ فلم کی طرح دکھائی دیتا ہے، جس میں مسلح اور نقاب پوش ایرانی اہلکار کشتیوں کے ذریعے جہاز تک پہنچے، سیڑھیوں کی مدد سے اس پر سوار ہوئے اور مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ یہ پوری کارروائی ایرانی فوج نے خود ریکارڈ کی اور سرکاری میڈیا نے جمعرات کے روز ویڈیو جاری کر دی، جو اس وقت وائرل ہو رہی ہے۔

 

دوسری جانب پاناما نے ایران کی جانب سے اپنے جہاز کی ضبطی کی سخت مذمت کی ہے۔ ادھر ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود کشیدگی برقرار ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ جمعہ کو مذاکرات ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button