کے ٹی آر کے قافلہ میں شامل گاڑیوں کو حادثہ۔ رکن قانون ساز کونسل معمولی زخمی

حیدرآباد: بی آر ایس کے کارکزار صدر کے ٹی آر کے دورے کے دوران اتوار کو ایک معمولی حادثہ پیش آیا۔یہ واقعہ جگانہ ضلع کے اسٹیشن گھن پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب ان کے قافلے میں شامل دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
ذرائع کے مطابق قافلہ کنے پلی کی جانب جا رہا تھا کہ اسٹیشن گھن پور کے قریب اچانک بریک لگانے کی وجہ سے پیچھے آنے والی دو گاڑیاں ایک دوسرے سے زور سے ٹکرا گئیں۔اس حادثے میں گاڑیوں کے اگلے اور پچھلے حصے کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ایک گاڑی میں سوار بی آر ایس کے ایم ایل سی شمبھی پور راجو کے ہاتھ پر معمولی چوٹ آئی۔
فوری طور پر موجود عملے اور قائدین نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔خوش قسمتی سے کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا جس پر تمام قائدین نے راحت کی سانس لی۔واقعے کے بعد کے ٹی آر نے اپنا قافلہ روک کر شمبھی پور راجو کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
بعد ازاں تمام قائدین دوبارہ کنے پلی کے دورے کے لیے روانہ ہو گئے۔



