جرائم و حادثات

30 ہزار میں شیرخوار بچہ کو فروخت کرنے کی کوشش، ماں کے خلاف کیس درج۔ حیدرآباد میں انسانیت سوز واقعہ

حیدرآباد: شہر کے ایل بی نگر علاقہ میں ایک ماں کی جانب سے صرف آٹھ روزہ نومولود بچی کو فروخت کرنے کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

 

انسپکٹر ونود کمار کے مطابق این ٹی آر نگر سے تعلق رکھنے والے مختار بیگم کی چھوٹی بیٹی کے ہاں اولاد نہیں ہے۔ وہ کسی سے بچی گود لینے کی کوشش کر رہی تھی۔ اسی دوران بہار سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ لالمون خاتون کے ہاں آٹھ روز قبل ایک بچی کی پیدائش ہوئی تھی۔

 

وہ اس وقت پہاڑی شریف علاقہ میں اپنے شوہر کے ساتھ رہا کرتی ہے۔ لالمون خاتون کو معلوم ہوا کہ مختار بیگم کی چھوٹی بیٹی بچی گود لینے کی کوشش کررہی ہے جس پر وہ 7 ستمبر کو این ٹی آر نگر پہنچی اور ایک لاکھ روپے کے عوض اپنی بچی گود دینے کے لیے مختار بیگم سے رابطہ کیا بعد ازاں 30 ہزار کا مطالبہ کیا۔

 

مختار بیگم کو شبہ ہوا کہ شاید وہ کہیں سے بچی اٹھا کر لائی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ایل بی نگر پولیس سے شکایت کی۔پولیس نے لالمون خاتون اور بچی کو پولیس اسٹیشن منتقل کرکے معاملے کی اطلاع چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے ارکان کو دی۔ پولیس کے مطابق مالی مشکلات کے باعث بچی کی حقیقی ماں ہی اسے فروخت کرنے کی کوشش کررہی تھی۔

 

پولیس نے لالمون خاتون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ماں اور آٹھ روزہ بچی کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے حوالے کردیا۔ فی الحال ماں اور بچی سی ڈبلیو سی کی نگرانی میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button