جرائم و حادثات

بودھن کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کے فرزند کے خلاف مقدمہ درج، ایف آئی آر میں دوسرے کا نام درج کرنے پر انسپکٹر معطل۔ سابق رکن اسمبلی کے فرزند کے خلاف پولیس کی لک آؤٹ نوٹس جاری

حیدر آباد۔ شہر کی پنجہ گٹہ پولیس نے بی آر ایس کے حلقہ بودھن کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کے فرزند کے خلاف حادثہ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق 24 دسمبر کو سابق رکن اسمبلی کے فرزند راحیل اپنی کار میں جا رہے تھے ان کی کار بے قابو ہو کر موجودہ پرجا بھون و سابق چیف منسٹر کیمپ آفس کے پاس ٹریفک پولیس کے بیریکڈس سے ٹکرا گئی تھی۔ پنجہ گٹہ پولیس نے اس معاملے میں پہلے آصف نامی نوجوان کے خلاف کیس درج کر لیا تھا۔

 

حقائق کے منظر عام پر آنے کے بعد آج کمشنر پولیس حیدرآباد کے سرینواس ریڈی نے سابق رکن اسمبلی کے بیٹے کے بجائے دوسرے نوجوان پر الزام عائد کرنے پر بی درگا راؤ انسپکٹر پنجہ گٹہ کو معطل کردیا ہے۔ کمشنر آفیس سے جاری کردہ بیان کے مطابق بودھن کے سابق ایم ایل اے شکیل عامر کے بیٹے کے بجائے کسی اور شخص کو پنجہ گٹہ سڑک حادثہ کے کیس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرنے پر یہ کاروائی کی گئی ہے۔

 

اس دوران باوثوق ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق عامر شکیل کے فرزند مبینہ طور پر دبئی فرار ہوگئے۔ حیدرآباد پولیس نے منگل کو بی آر ایس بودھن کے سابق ایم ایل اے شکیل احمد کے بیٹے محمد راحیل عامر عرف بابا کو پکڑنے کیلئے ایک لک آؤٹ سرکولر جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button