ریلوے پٹری پر بچوں سمیت خاتون،کاماریڈی پولیس کی بروقت کارروائی سے تین جانیں محفوظ
ریلوے پٹری پر بچوں سمیت خاتون،کاماریڈی پولیس کی بروقت کارروائی سے تین جانیں محفوظ
کاماریڈی10/ستمبر (سیدکوثرعلی کی رپورٹ)خاندانی تنازعات سے دلبرداشتہ ایک خاتون اپنے پانچ سالہ بیٹے اور تین سالہ بیٹی کو ساتھ لے کر خودکشی کے ارادے سے ریلوے پٹری پر پہنچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی کاماریڈی ٹاؤن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور دونوں بچوں کو بحفاظت بچا لیا۔
شام کے وقت ڈائل 112 کو موصولہ اطلاع پر ٹاؤن انسپکٹر بی۔ نرہری کی ہدایت پر بلوکولٹس عملہ فوری طور پر ریلوے پٹری پر پہنچا اور خاتون کو تلاش کرلیا۔ پولیس اہلکاروں نے خاتون سے ہمدردانہ انداز میں بات کرتے ہوئے اسے حوصلہ دیا اور خودکشی کسی مسئلے کا حل نہیں ہونے کی تلقین کی۔پولیس نے خاتون کو سمجھا بجھا کر اس کا ارادہ تبدیل کرایا اور ماں سمیت دونوں بچوں کو بحفاظت پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔
بعد ازاں خاتون کی کونسلنگ کرتے ہوئے خاندانی مسائل کا مل جل کر سامنا کرنے کا مشورہ دیا گیا۔بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین قیمتی جانیں بچانے پر ضلع ایس پی ایم۔ راجیش چندر، آئی پی ایس نے کاماریڈی ٹاؤن پولیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو مبارکباد دی



