الپرازولم اسمگلروں کے خلاف نظام آباد پولیس کا شکنجہ سخت؛ 3.02 کروڑ کی جائیدادیں ضبط

نظام آباد، 10 ستمبر: تلنگانہ کی نظام آباد پولیس نے الپرازولم کی غیر قانونی سپلائی کے بین ریاستی نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار منشیات کے اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کمشنر پی۔ سائی چیتنیا، کی ہدایت پر اے سی پی بی۔ پرکاش کی نگرانی میں رورل انسپکٹر سی۔ ایچ۔ سرینواس اور ایگل ٹیم نے کارروائی انجام دی۔
پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 1.087 کلوگرام الپرازولم، دو کاریں، پانچ موبائل فون اور 3.50 لاکھ روپے نقد ضبط کیے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ الپرازولم راجستھان سے مہاراشٹرا کے راستے نظام آباد اور نرمل پہنچایا جاتا تھا اور اسے تقریباً 4 سے 5 لاکھ روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جاتا تھا۔
پولیس نے منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی آمدنی سے خریدی گئی جائیدادوں کی بھی نشاندہی کی۔ سرکاری قیمت کے مطابق تقریباً 3.02 کروڑ روپے مالیت کی 4.20 ایکڑ زرعی اراضی، 667 مربع گز اراضی، دو چار پہیہ اور ایک دو پہیہ گاڑی کے علاوہ بینک کھاتوں میں موجود تقریباً 5 لاکھ روپے ضبط اور اٹیچ کرنے کی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق کھلی مارکیٹ میں ان جائیدادوں کی مالیت اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کارروائی مکمل کرنے کے لئے تقریباً ایک سال تک تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری رہی۔ موبائل فون ڈیٹا سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے منشیات نیٹ ورک کے اہم شواہد جمع کیے گئے۔
پولیس کمشنر نے کہا کہ منشیات اسمگلروں کی گرفتاری کے ساتھ غیر قانونی آمدنی سے حاصل کی گئی جائیدادوں کو ضبط کرکے ڈرگ مافیا کو مالی طور پر بھی سخت ضرب لگائی جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ سے منشیات سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام سے منشیات کی اسمگلنگ یا فروخت کی اطلاع ڈائل 112 پر دینے کی درخواست کی۔



