4لاکھ روپئے کے بلوں میں مبینہ بے قاعدگیاں، سرپنچ گرفتار

4.05 لاکھ روپئے کے بلوں میں مبینہ بے قاعدگیاں، سرپنچ گرفتار
تین سی سی ڈرینج تعمیراتی کاموں کے معاملے میں مقدمہ درج، عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا
کاماریڈی، 14 نومبر (سید کوثر علی): گاؤں کی ترقیاتی کاموں کے بلوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کے معاملے میں ماچاریڈی پولیس نے فرید پیٹ گاؤں کے سرپنچ زیڈ پی ٹی سی نرسمہا ریڈی کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق، سابقہ بی آر ایس حکومت کے دور میں نرسمہا ریڈی جب وائس ایم پی پی کے عہدے پر فائز تھے، اس وقت گاؤں میں تین سی سی ڈرینج کی تعمیر کے کام انجام دیئے گئے تھے۔ ان کاموں سے متعلق 4 لاکھ 5 ہزار 36 روپئے کے بلوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کے الزامات سامنے آئے۔
پالوانچہ ایم پی ڈی او کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات کے بعد نرسمہا ریڈی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔ اس کے بعد پولیس نے انہیں جیل منتقل کردیا۔
گاؤں کی ترقیاتی کاموں کے بلوں کا معاملہ سرپنچ کی گرفتاری تک پہنچنے سے مقامی سطح پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



