اے پی کے فائلز اور نامعلوم ویب سائٹس سے محتاط رہیں، عوام سائبر جرائم سے بچنے کے لیے چوکس رہیں: ایس پی ڈاکٹر وینیت
اے پی کے فائلز اور نامعلوم ویب سائٹس سے محتاط رہیں، عوام سائبر جرائم سے بچنے کے لیے چوکس رہیں: ایس پی ڈاکٹر وینیت
نارائن پیٹ: 13 نومبر (اردو لیکس) ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس نے عوام کو سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ احتیاط اور آگاہی کے ذریعے سائبر دھوکہ دہی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے
۔ انہوں نے کہا کہ سائبر مجرم ان دنوں سرمایہ کاری میں بھاری منافع، اسٹاک مارکیٹ، قرض، یو پی آئی ادائیگیوں اور جعلی ویب سائٹس کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ، ٹیلی گرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھیجی جانے والی نامعلوم اے پی کے (APK) فائلز کے ذریعے موبائل فون کا کنٹرول حاصل کرکے ذاتی معلومات اور بینک کھاتوں تک رسائی حاصل کی جارہی ہے۔ ایس پی نے عوام کو خبردار کیا کہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی فائلز ڈاؤن لوڈ نہ کریں اور غیر معتبر ویب سائٹس پر اپنی ذاتی یا بینکنگ تفصیلات ہرگز درج نہ کریں۔
سرمایہ کاری کے نام پر غیر معمولی منافع کا وعدہ کرنے والوں پر بھروسہ نہ کریں، کیونکہ بعض جعلی پلیٹ فارمز پر سرمایہ کاری کی رقم اور منافع زیادہ دکھایا جاتا ہے، لیکن رقم نکالنے کی کوشش کرنے پر صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہوجائے تو فوری طور پر گولڈن آور کے دوران قومی سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر رابطہ کرے یا سائبر کرائم کی سرکاری ویب سائٹ پر شکایت درج کروائے، تاکہ رقم کی منتقلی روکنے اور نقصان کم کرنے کے امکانات بڑھ سکیں۔
ایس پی ڈاکٹر وینیت نے خاص طور پر نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سائبر مجرموں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے ضلع کے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوام میں سائبر جرائم سے متعلق بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کریں۔



