فلمی انداز میں سرعام سڑک پر نوجوان شیخ صادق کا گلا کاٹ کر قتل

آندھراپردیش کے کڑپہ شہر میں منگل کی رات ایک 32 سالہ نوجوان کا گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ کڑپہ کے بیلٹ اپ جنکشن کے قریب پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے سب کے سامنے واردات انجام دی، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
مقتول شیخ صادق ولی، مراٹھی ویـدھی کا رہائشی تھا اور پھلوں کی تجارت کرتا تھا۔ اسے بیوی اور دو بچے ہیں۔ ماضی میں بیلٹ اپ جنکشن پر پیش آئے وینکٹیش نامی شخص کے قتل کیس میں وہ ملزم تھا، جس کے نتیجے میں اس کے کئی افراد سے دشمنی تھی
منگل کی رات اس کے دشمنوں نے گھات لگا کر صادق پر اس وقت حملہ کیا جب وہ جنکشن کے قریب سے گزر رہا تھا۔ اسے زبردستی ایک شراب کی دکان کے پاس لے جا کر پہلے مارا پیٹا، پھر چاقو سے کئی وار کیے، اور آخرکار اس کا گلا کاٹ دیا۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی وینکٹیشورلو موقع پر پہنچے اور معائنہ کیا۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کڑپہ کے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔