جرائم و حادثات

حیدرآباد، نیٹ امتحان میں ہائی ٹیک نقل نویسی کی کوشش۔ پولیس نے طالب علم کو گرفتار کرلیا

حیدرآباد، 21 جون:نیٹ (NEET) امتحان میں نقل کی کوشش کرنے کے الزام میں حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک 18 سالہ امیدوار کو گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ آدی‌بٹلہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع راگنّا گوڑہ کے ضلع پریشد ہائی اسکول (ZPHS) امتحانی مرکز میں پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق اچم پیٹ کا رہنے والا ملزم پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت صبح تقریباً 7 بجے امتحانی مرکز پہنچا اور ایک موبائل فون واش روم کے وینٹی لیٹر میں چھپا دیا۔ اسکول کی باؤنڈری وال سے متصل ہونے کی وجہ سے اسے وینٹی لیٹر تک رسائی حاصل ہوگئی۔ بعد ازاں صبح 11 بجے وہ دوبارہ واش روم گیا اور موبائل فون کو زپ لاک کور میں رکھ کر فلش ٹینک میں چھپا دیا۔

 

پولیس سکیورٹی ٹیموں نے صبح 6 بجے اور 11 بجے دو مرتبہ مرکز کا مکمل معائنہ کیا تھا جبکہ تمام امیدواروں کی سخت تلاشی بھی لی گئی تھی تاہم فلش ٹینک میں چھپایا گیا موبائل فون ابتدائی جانچ کے دوران نہیں مل‌ سکا۔

 

امتحان کے دوران ملزم نے پیٹ میں درد کی شکایت کرتے ہوئے واش روم جانے کی اجازت حاصل کی۔ چونکہ امتحانی مرکز میں تمام امیدواروں کے لیے ایک ہی مشترکہ واش روم تھا جو اسکول کی عمارت سے کافی فاصلے پر واقع ہے اس لیے کچھ دیر بعد نگران عملہ کو اس کی غیر معمولی تاخیر پر شبہ ہوا۔

 

انویجی لیٹر نے چند عملے کے ارکان کو اس کی جانچ کے لیے بھیجا۔عملے نے ملزم کو واش روم کے اندر رنگے ہاتھوں موبائل فون کے ذریعے سوالات کے جوابات تلاش کرتے ہوئے پکڑ لیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر موبائل فون ضبط کر لیا۔ فون کی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم گوگل کروم کے ذریعے جوابات تلاش کر رہا تھا۔

 

فون میں انسٹاگرام کے علاوہ کوئی اور مشتبہ ایپلی کیشن فعال نہیں پائی گئی۔دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا جس کے بعد اسے پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔ اسکول انتظامیہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ نمبر 499/2026 درج کرتے ہوئے

 

بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 318(4) اور پبلک ایگزامینیشنز (پریوینشن آف انفیئر مینز) ایکٹ 2024 کی دفعات 3 اور 10 کے تحت کیس درج کر لیا ہے۔پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button