انٹرٹینمنٹ

60سالہ عامر خان تیسری بار دلہا بننے کو تیار – 5 جولائی کو شادی کرنے کا اعلان

ممبئی :  بالی ووڈ کے معروف اداکار اور "مسٹر پرفیکشنسٹ” عامر خان نے اپنی شادی کی خبروں کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ان کی اپنی دیرینہ ساتھی گوری اسپرٹ سے شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جن پر اب خود عامر خان نے مہر لگا دی ہے۔

 

ممبئی میں ایک فلم کی اسکریننگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ ان کی شادی 5 جولائی کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نہایت سادگی کے ساتھ ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر صرف قریبی رشتہ داروں اور چند خاص دوستوں کی موجودگی میں منعقد کی جائے گی۔

 

عامر خان نے کہا کہ یہ دن ان دونوں کی زندگی کا انتہائی خاص لمحہ ہے اور وہ اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سے دعا اور نیک تمناؤں کے خواہاں ہیں تاکہ ان کی نئی زندگی خوشیوں سے بھرپور رہے۔ اطلاعات کے مطابق اس شادی کے بعد کسی بڑی استقبالیہ تقریب یا شوبز شخصیات سے سجی تقریب کا انعقاد نہیں کیا جائے گا، بلکہ دونوں خصوصی شادی ایکٹ کے تحت رجسٹر میرج کریں گے۔

 

گوری اسپرٹ کا تعلق بنگلورو سے ہے اور وہ ویلنيس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ وہ برطانوی کمیونسٹ اور ہندوستان کی آزادی کی تحریک سے وابستہ فلپ اسپرٹ کی پوتی بھی ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے وہ عامر خان پروڈکشن ہاؤس کے امور میں بھی تعاون کر رہی ہیں۔ عامر خان نے گزشتہ سال مارچ میں اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ گوری اسپرٹ کو میڈیا سے اپنی شریکِ حیات کے طور پر متعارف کرایا تھا۔

 

واضح رہے کہ عامر خان کی یہ تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل وہ رینا دتہ اور کرن راؤ سے شادی کر چکے ہیں، تاہم بعد میں دونوں سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس نئی زندگی کے آغاز میں عامر خان کے بچوں جنید، ایرا اور آزاد کے ساتھ گوری اسپرٹ کے بیٹے کوئن بھی شادی کی تقریبات کا اہم حصہ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button