تلنگانہ
کانگریس میں شامل بی آر ایس کے 3 ارکان اسمبلی کی رکنیت پر چار ہفتوں کے اندر فیصلہ لینے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے پارٹی انحراف کرنے والے بی آر ایس کے تین ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے پر ایک اہم فیصلہ سنایا ہے۔ ہائی کورٹ نے اسپیکر آفس کو 4 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ۔ اگر اس وقت تک فیصلہ نہیں لیا گیا تو اس کی جانچ سوموٹو کیس کے طور پر کی جائے گی۔
پارٹی بدلنے والے ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کے لیے ہائی کورٹ میں کئی عرضیاں دائر کی گئی ہیں۔ بی آر ایس اور بی جے پی لیڈروں نے یہ عرضیاں دائر کی ہیں۔ہائی کورٹ نے ان تمام درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے عدالت کی توجہ دلائی کہ اسپیکر اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر آفس کو چار ہفتوں میں فیصلہ لینے کی ہدایت دی۔