ایک موٹر سائیکل پر 6 نوجوان۔پولیس نے پیچھا کرکے پکڑ لیا
حیدرآباد: عام طور پر اگر بائیک پر تین افراد بھی سفر کریں تو پولیس انہیں روک کر جرمانہ عائد کرتی ہے لیکن ایک ہی موٹر سائیکل پر چھ نوجوان خطرناک انداز میں سفر کر رہے تھےتو پولیس نے پیچھا کرکے انہیں پکڑ لیا۔
یہ واقعہ آندھرا پردیش کے سری ستیہ سائی ضلع کے چلما تھور میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ہندوپورم رورل کے سی آئی جناردھن، ایس آئی شری دھر اور پولیس حکام نے جمعہ کی شام چلما تھور میں گاڑیوں کی تلاشی مہم شروع کی تھی۔
اسی دوران انہوں نے دیکھا کہ ایک ہی موٹر سائیکل پر چھ نوجوان سوار ہو کر آ رہے ہیں۔ نوجوانوں نے پولیس سے بچنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے ان کا تعاقب کرکے انہیں پکڑ لیا۔ بعد میں سی آئی اور ایس آئی نے انہیں سمجھایا اور ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور بیدار کیا۔
اس موقع پر سی آئی نے کہا کہ ایک ہی موٹر سائیکل پر اتنے زیادہ افراد کا سفر کرنا قانون کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح خطرناک طریقے سے سفر کرتے وقت اپنے خاندان کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے اور ٹریفک قوانین پر لازمی عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ گاڑیوں کو خطرناک انداز میں چلا کر اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
جو لوگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوام کی جان کو خطرے میں ڈالیں گے ان کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر گاڑیاں ضبط بھی کی جائیں گی۔پولیس محکمہ کا بنیادی مقصد عوام کی حفاظت ہے۔
خاص طور پر نوجوانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور محفوظ سفر کرنے کی ہدایت دی گئی۔



