امریکہ میں 1,389 ہندوستانی بچے امیگریشن حکام کی تحویل میں

واشنگٹن : غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف امریکی حکومت کی سخت کارروائیوں کے دوران گزشتہ چار برسوں میں 1,389 ہندوستانی بچوں کو امیگریشن حکام نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (یو ایس سی بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق یہ بچے والدین یا سرپرستوں کے بغیر امریکہ میں پائے گئے تھے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اب تک ان بچوں کو ہندوستان واپس نہیں بھیجا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی مالیاتی سال 2023 میں 730 ہندوستانی بچے حکام کی تحویل میں لئے گئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 517، 2025 میں 91 اور 2026 میں 51 رہی۔ اکتوبر 2026 میں صرف دو ہندوستانی بچے ایسے پائے گئے جو والدین یا سرپرستوں کے بغیر امریکہ میں موجود تھے۔
امریکی حکام کے مطابق بچوں کی تحویل میں لئے جانے کے واقعات میں کمی کا رجحان دیگر ممالک کے بچوں میں بھی دیکھا گیا ہے۔ تمام ممالک کے غیر سرپرست بچوں کی تعداد مالیاتی سال 2024 میں تقریباً ایک لاکھ 10 ہزار تھی، جو 2025 میں گھٹ کر 29,584 اور 2026 میں 9,190 رہ گئی۔ اکتوبر 2026 میں یہ تعداد 722 درج کی گئی۔
امریکہ میں امیگریشن قوانین پر سختی اور تارکین وطن کے خلاف تیز رفتار کارروائیوں کو اس کمی کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جارہا ہے۔ امیگریشن معاملات سے واقف افراد کے مطابق ماضی میں بعض خاندان اپنے بچوں کو اکیلے امریکہ بھیجتے تھے تاکہ والدین یا رشتہ داروں کے لئے قانونی مستقل رہائش حاصل کرنے کے امکانات بہتر ہوسکیں، تاہم سخت کارروائیوں کے باعث اس رجحان میں کمی آئی ہے۔
رپورٹ میں گجرات کے شہر کڑی سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر کا معاملہ بھی پیش کیا گیا ہے، جسے 2012 میں امریکہ سے ہندوستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔ اس کا 17 سالہ بیٹا 12 سال کی عمر سے ٹیکساس میں مقیم ہے اور اب امیگریشن عدالت میں اپنی پناہ کی درخواست کی سماعت میں شرکت سے بھی خوفزدہ ہے۔ اسے اندیشہ ہے کہ حکام اسے گرفتار کرکے ہندوستان واپس بھیج دیں گے۔
دوسری جانب مالیاتی سال 2026 کے دوران امریکی حکام نے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ہندوستانی شہریوں کے 30,528 معاملات درج کئے۔ اس اعتبار سے ہندوستان اس فہرست میں میکسیکو اور کینیڈا کے بعد تیسرے مقام پر رہا۔



