بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کا میزائل اور ڈرون حملہ، دو پیٹریاٹ ریڈار سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ
منامہ، 22 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایران نے میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کئے ہیں۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں امریکی فضائی دفاعی نظام کے دو پیٹریاٹ ریڈار سسٹم تباہ کردیئے گئے۔ دوسری جانب بحرین نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملے کے دوران ایک صنعتی تنصیب میں آگ لگ گئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب کی فضائیہ نے ہفتہ 21 نومبر کی رات بحرین میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائی کی۔ ایرانی حکام کے مطابق بحرین کے الرفاع اور عوالی فوجی اڈوں پر موجود امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے اس کارروائی کو اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور ایران کے خلاف جاری امریکی جارحیت کا جواب قرار دیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق حملے کے بعد شہریوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ بعد ازاں حکام نے خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا، تاہم دوسری مرتبہ بھی ہنگامی انتباہ جاری کیا گیا۔ بحرین کی دفاعی افواج نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائلوں اور فضائی حملوں کو روک دیا، جبکہ تباہ کئے گئے میزائلوں کا ملبہ گرنے سے بعض مقامات پر مالی نقصان ہوا۔
حملے کے دوران ایک شہری صنعتی تنصیب میں آگ لگنے کی بھی اطلاع ملی۔ بحرین نے اس مقام کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ شہری دفاع کی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کی کارروائی کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکزی ہیڈکوارٹر واقع ہے، جو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں امریکی بحری سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات مسلسل حملوں کی زد میں ہیں۔
ایران کے حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی فوج کے تازہ دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا۔




