شادی کی تقریب کے دوران 22.5 لاکھ روپے کی چوری – مہمان بن کر آیا چور زیورات اور نقدی سے بھرا بیاگ لے کر فرار

غازی آباد : اترپردیش کے غازی آباد میں شادی کی ایک تقریب کے دوران چوری کی سنسنی خیز واردات پیش آئی، جہاں مہمان بن کر پہنچنے والا ایک شاطر چور تقریب میں شامل افراد کی مصروفیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تقریباً 22.5 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقد رقم سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔ چوری کی پوری واردات فنکشن ہال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 20 نومبر کو غازی آباد کے ویو سٹی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ایک بینکوئٹ ہال میں پیش آیا۔ دہلی کے دوارکا علاقے سے بارات شادی کی تقریب میں پہنچی تھی۔ اسی دوران ایک نامعلوم نوجوان مہمانوں کے درمیان گھل مل گیا اور موقع کی تلاش میں رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے تقریب میں مہمانوں کی طرح کھانا بھی کھایا تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔
واقعہ کے وقت خاندان کے افراد ڈی جے فلور پر رقص میں مصروف تھے اور ان کے بیاگ، پرس اور دیگر سامان قریب ہی ایک میز پر رکھا ہوا تھا۔ اسی دوران جینس اور اسپورٹس جوتے پہنے ایک نوجوان ہاتھ میں جیکٹ لئے میز کے قریب پہنچا۔ اس نے پہلے اطراف کا جائزہ لیا اور پھر موقع ملتے ہی زیورات اور نقد رقم سے بھرا بیگ اٹھا لیا۔ ملزم نے بیگ کو اپنی جیکٹ کی آڑ میں چھپایا اور تیزی سے فنکشن ہال سے باہر نکل گیا۔
رقص کے بعد جب خاندان کے افراد واپس میز کے پاس پہنچے تو بیاگ غائب تھا۔ کافی تلاش کے باوجود جب اس کا کوئی سراغ نہیں ملا تو معلوم ہوا کہ بیگ میں تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقد رکھے ہوئے تھے۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریباً 22.5 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بینکوئٹ ہال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس میں ایک نوجوان بیگ لے جاتے ہوئے صاف دکھائی دے رہا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس واردات میں ملزم کے کچھ ساتھی بھی شامل ہوسکتے ہیں، جو مہمانوں کے بھیس میں تقریب میں پہنچے ہوں گے
۔ فی الحال پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے ساتھ ممکنہ ساتھیوں کے کردار کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق تاحال کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔



