گوداوری کھنی میں سنگین واردات، فون کرکے گھر سے بلایا اور چاقوؤں سے حملہ کرکے قتل

گوداوری کھنی: ، تلنگانہ کے ضلع پیداپلی کے گوداوری کھنی میں پیر کی صبح سنگھارینی ملازم راج شیکھر (30) کو چار نوجوانوں نے منصوبہ بند طریقے سے چاقوؤں کے وار کرکے قتل کردیا۔ یہ واردات پاور ہاؤس کالونی میں رات تقریباً 2 بجے پیش آئی۔
اطلاعات کے مطابق چار نوجوانوں نے راج شیکھر کو فون کرکے گھر سے باہر بلایا۔ وہ پہلے ہی وہاں گھات لگائے ہوئے تھے۔ راج شیکھر کے باہر آتے ہی اس پر چاقوؤں سے حملہ کردیا گیا۔ شدید زخموں اور خون زیادہ بہہ جانے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔
قتل کی یہ واردات قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئی۔ بیٹے کی خون میں لت پت نعش دیکھ کر افراد خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فرار چاروں ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ نعش کو سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔



