انٹر نیشنل

لندن میں بنگلہ دیشی لیڈر ناہید اسلام کے خلاف ہجوم کا احتجاج، عوامی لیگ اور این سی پی کارکنوں میں تصادم، چار افراد زخمی

 

لندن: بنگلہ دیش کے نوجوان سیاسی لیڈر اور 2024 کی طلبہ تحریک کے نمایاں قائد ناہید اسلام کے دورۂ برطانیہ کے دوران لندن میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے باہر سابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کے حامیوں نے احتجاج کیا، جس کے بعد نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) اور عوامی لیگ کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 20 منٹ تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے مداخلت کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا۔

 

ناہید اسلام بنگلہ دیش کے نوجوان سیاست داں ہیں، جنہوں نے 2024 میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ نظام کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ تحریک بعد میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج میں تبدیل ہوگئی، جس کے نتیجہ میں 5 اگست 2024 کو شیخ حسینہ کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر ملک چھوڑنا پڑا۔ بعد ازاں ناہید اسلام نے عبوری حکومت میں مشیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ فروری 2025 میں انہوں نے نیشنل سٹیزن پارٹی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور اس کے کنوینر بنے۔

 

ناہید اسلام 13 نومبر کو ایک ہفتہ کے دورہ پر برطانیہ پہنچے تھے، جہاں ان کی برطانوی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی ترقیاتی کمیٹی، ویسٹ منسٹر فاؤنڈیشن فار ڈیموکریسی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں طے تھیں۔ 16 نومبر کو لندن میں بنگلہ دیشی برادری کی جانب سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ اور تبادلہ خیال کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر عوامی لیگ کے حامیوں نے تقریب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی

 

اور اطلاعات کے مطابق تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے افراد پر انڈے اور پانی کی بوتلیں بھی پھینکیں۔ اس کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں، جن میں چار افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ ناہید اسلام مظاہرین سے بچنے کے لیے تقریب کے مقام پر پہلے ہی پہنچ گئے تھے اور پروگرام کے اختتام پر پچھلے دروازے سے بحفاظت باہر نکل گئے۔

 

واضح رہے کہ ناہید اسلام کی مخالفت کی بنیادی وجہ 2024 کی وہ طلبہ تحریک ہے جس نے شیخ حسینہ کی طویل عرصہ سے قائم حکومت کا خاتمہ کردیا تھا۔ عوامی لیگ کے حامی انہیں اس تحریک کے اہم قائدین میں شمار کرتے ہوئے ان کی سیاسی سرگرمیوں کی مخالفت کررہے ہیں، جبکہ ناہید اسلام اور ان کے حامیوں کا موقف ہے کہ سابق حکمراں جماعت کے کارکنان تحریک سے وابستہ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 

لندن کے واقعہ سے دو روز قبل 14 نومبر کو کیمبرج یونیورسٹی کے سینٹ جانس کالج میں بھی ناہید اسلام کے ایک پروگرام کے دوران عوامی لیگ کے حامیوں نے احتجاج کیا تھا۔ پروگرام کے بعد جب وہ اپنی گاڑی میں سوار ہونے جارہے تھے تو مظاہرین نے نعرے بازی کی، تاہم این سی پی کارکنوں نے انہیں حفاظتی حصار میں گاڑی تک پہنچایا۔ لندن کے حالیہ واقعہ کو بنگلہ دیش کی داخلی سیاسی کشیدگی کا بیرون ملک بھی پھیلاؤ قرار دیا جارہا ہے۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button