جرائم و حادثات

ہم جنس پرستوں سے آن لائن دوستی پھر لوٹ۔ حیدرآباد میں ٹولی گرفتار

حیدرآباد: بدلتے وقت کے ساتھ جرائم پیشہ افراد بھی وارداتوں کے نت نئے طریقے اپنا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ایپس کو ذریعہ بنا کر لوگوں سے دوستی کرنا اور پھر ان کا اعتماد جیت کر انہیں لوٹنے کے واقعات تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

 

تازہ واقعے میں مَلکاجگیری پولیس نے ایک ایسے گروہ کو گرفتار کیا ہے جو گرنڈر ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے لوگوں سے دوستی کرتا تھا پھر تنہائی میں ملاقات کے بہانے ان کے گھروں پہنچتا اور نشہ آور دوا ملائی ہوئی بیئر پلا کر ان کے سونے کے زیورات لوٹ لیتا تھا۔اس معاملے کی تفصیلات آج مَلکاجگیری پولیس کمشنر سمتی نے میڈیا کے سامنے پیش کیں۔

 

پولیس نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اس گروہ سے 36 تولے سے زائد سونا برآمد کیا گیا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ گروہ کتنے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کر رہا تھا۔پولیس کمشنر سمتی کے مطابق ملزمین گرنڈرر ڈیٹنگ ایپ پر جعلی شناخت کے ذریعے لوگوں کو اپنا نشانہ بناتے تھے۔

 

وہ خود کو ہم جنس پرست ظاہر کرتے اور چیٹنگ اور ویڈیو کال کے ذریعے متاثرین سے قربت بڑھاتے تھے۔اس دوران وہ یہ بھی معلوم کرتے تھے کہ آیا متاثرہ شخص نے گلے میں سونے کی چین یا انگلیوں میں سونے کی انگوٹھیاں پہن رکھی ہیں یا نہیں۔پولیس کمشنر کے مطابق سونے کے زیورات پہننے والے افراد کو خاص طور پر نشانہ بنایا جاتا تھا

 

اور ان سے مزید قربت بڑھائی جاتی تھی۔بعد ازاں ملزمین تنہائی میں وقت گزارنے کے بہانے متاثرین کے گھروں پہنچتے تھے۔ وہاں پہلے جسمانی تعلقات قائم کرنے کا ڈرامہ کرتے تاکہ متاثرین کو ان پر مکمل بھروسہ ہو جائے۔اس کے بعد وہ بیئر پینے کی پیشکش کرتے اور پہلے سے اس میں نشہ آور دوا ملا کر متاثرین کو پلا دیتے تھے۔

 

جب متاثرین بے ہوشی یا نشے کی حالت میں چلے جاتے تو ملزمین ان کے جسم پر موجود سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔اس قسم کی وارداتوں میں ملوث پانچ رکنی گروہ کو مَلکاجگیری پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

 

پولیس کمشنر سمتی نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملزمان کے قبضے سے 36 تولے سے زائد سونا برآمد کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس گروہ کے خلاف تلنگانہ میں حیدرآباد، سائبرآباد اور مَلکاجگیری کے علاوہ وشاکھاپٹنم میں بھی مقدمات درج ہیں۔

 

ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے مجموعی طور پر 14 وارداتوں میں ملزمان کے ملوث ہونے کا پتہ لگایا ہے۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس گروہ کا ایک اور ملزم تاحال فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button