نیشنل

’آپ اس عہدے پر بیٹھنے کے اہل نہیں ہیں‘ چیف جسٹس سوریہ کانت کے خلاف وکیل کے نامناسب ریمارکس، عدالت سے باہر کردیا گیا

نئی دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک وکیل نے نامناسب ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ اس کرسی پر بیٹھنے کے اہل نہیں ہیں۔‘‘ اس واقعے کے بعد مذکورہ وکیل کو عدالت کے کمرے سے باہر لے جایا گیا۔

 

اس واقعے کے بعد عدالت کی کارروائی کے ساتھ ساتھ آڈیو اور ویڈیو فیڈ بھی بند کردی گئی۔لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، پیر کی دوپہر 2 بجے ایک وکیل نے سپریم کورٹ کی جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ سے رجوع کیا۔

 

وکیل نے معمول کے طریقۂ کار سے ہٹ کر اپنا معاملہ پیش کرنے پر معذرت کی اور ججوں سے اپنے خلاف زیرِ سماعت توہینِ عدالت کے مقدمے سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لینے کی درخواست کی۔وکیل نے بتایا کہ انہوں نے 2 نومبر کو چیف جسٹس کے دفتر میں یہ دستاویزات جمع کروائی تھیں لیکن اب تک انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے اس معاملے کو فوری طور پر زیرِ غور لانے پر اصرار کیا۔

 

اس پر چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت نے وکیل سے کہا کہ ’’ہم اس معاملے کو دیکھیں گے آپ انتظار کیجیے۔‘‘تاہم وکیل نے انتظار کرنے سے انکار کردیا اور مبینہ طور پر کہا کہ ’’آپ اس کرسی پر نہیں بیٹھ سکتے۔ آپ اس کے اہل نہیں ہیں۔

 

آپ میں اس عہدے کے لیے درکار دیانت داری نہیں ہے۔‘‘لائیو لا کے مطابق وکیل کے ان ریمارکس کے بعد عدالت کی کارروائی کی آڈیو اور ویڈیو نشریات روک دی گئیں اور وکیل کو عدالت سے باہر لے جایا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ بعض وکلاء نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ وکیل کے نامناسب رویے کے خلاف کارروائی کی جائے۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بعض وکلاء کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب ریمارکس کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button