جرائم و حادثات

حیدرآباد کے پرانے شہر میں فلائی اوور پر اسٹنٹس 4 افراد کے خلاف کیس درج

حیدرآباد۔ عطا پور پولیس نے منموہن سنگھ فلائی اوور پر اسکوٹیز کے ذریعے خطرناک کرتب بازی کرنے اور تصاویر لینے کے الزام میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ یہ فلائی اوور آرام گھر چوراہے سے بہادرپورہ زو پارک کے درمیان واقع ہے۔

 

پولیس کے مطابق 16 نومبر 2026 کی رات تقریباً 2 بجے چار نوجوان دو ایکٹیوا اسکوٹیز پر سوار ہوکر فلائی اوور پر خطرناک کرتب بازی کررہے تھے اور تصاویر بھی لے رہے تھے۔ ان کی اس حرکت سے انسانی جانوں اور عوامی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔

 

واقعہ کے سلسلے میں عطاپور پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 1217/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 125، 289، 292 معہ دفعہ 3(5) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات 181، 183 اور 190(ii) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

 

 

پولیس نے اس معاملے میں علیم ساکن موچی کالونی، کالا پتھر، شیخ حذیف ساکن کالا پتھر، شیخ یامین،متوطن اودگیر، ضلع لاتور، ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ ایک نابالغ لڑکے کے خلاف کیس درج کرلیا۔

 

پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ میں ملوث تمام افراد کو ان کے والدین ارکان خاندان اور رشتہ داروں کے ساتھ پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے کونسلنگ کی گئی۔ اس موقع پر انہیں سخت انتباہ دیا گیا کہ آئندہ اس طرح کی خطرناک اور

 

غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں بصورت دیگر سخت کاروائی کی جائے گی۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button